لالہ موسیٰ :قاری عبدالعزیز نقشبندی ؒ کے ختم چہلم کی روح پرور تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علماء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پروفیسر حافظ کامران صدیق نوری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور قاری عبدالعزیز نقشبندی ؒ کی قرآنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قاری عبدالعزیز نقشبندی ؒ انتہائی ملنسار، باوقار، وفاشعار اور یادگارِ اسلاف بزرگ تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و حدیث کی تعلیم و اشاعت میں وقف کر دی۔کامران صدیق نوری نے مزید کہا کہ قاری صاحب لالہ موسیٰ شریف میں خدمت دین کا ایک قابل فخر نام تھے۔ وہ مردِ درویش اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے سادگی اور اخلاص کی عملی تصویر بنے رہے۔ زندگی بھر قرآن کے نور سے سینوں کو منور کرتے رہے اور اب اپنے برزخی سفر پر روانہ ہو گئے ہیں۔تقریب کے دوران منہاج القرآن لالہ موسیٰ کے وفد نے درود و سلام کے تحفہ کے ساتھ شرکت کی اور برادرم قاری عطاالمصطفیٰ کیلانی (اسلامک سنٹر سپین) کے ہمراہ قاری عبدالعزیز نقشبندی ؒ کی قبر پر حاضری دی اور دعائے مغفرت کی۔ آخر میں مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ قاری عبدالعزیز نقشبندی ؒ کی بے حساب و کتاب مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا کرے۔