اکشے کمار کے بدلے ہوئے انداز نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا

ان کا نیا روپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا

اکشے کمار ایک بار پھر سب کو حیران کرنے آرہے ہیں! اپنی نئی فلم ’کیسری 2‘ میں وہ ایک منفرد اور دلکش انداز میں ’’کتھاکلی‘‘ ڈانس کرتے نظر آئیں گے۔ ان کا نیا روپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، اور مداح داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

بالی ووڈ کے صفِ اول کے اداکار اکشے کمار اپنی آنے والی فلم ’’کیسری 2‘‘ میں ایک الگ ہی روپ میں نظر آئیں گے، جہاں وہ بھارت کے روایتی کلاسیکی رقص ’’کتھاکلی‘‘ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیں گے۔

اکشے کمار نے فلم میں کتھاکلی رقاص کا روپ اختیار کیا ہے، اور اس شاندار گیٹ اپ کی تصویر انہوں نے خود انسٹاگرام پر شیئر کی۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا، ’’یہ صرف ایک کاسٹیوم نہیں، یہ ایک علامت ہے، روایت کی، مزاحمت کی، سچائی کی اور میرے ملک کی۔‘‘

فلم میں اکشے کمار ایک حقیقی کردار، وکیل اور سیاستدان سی شنکرن نائر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ نائر وہ شخصیت تھے جنہوں نے جلیانوالہ باغ کے خونی سانحے کے بعد برطانوی سامراج کے خلاف عدالت میں انصاف کی جنگ لڑی تھی۔

فلم میں دکھائے گئے کتھاکلی آرٹ کے حوالے سے اکشے کا روپ ’’پچا‘‘ یعنی سبز چہرہ ہے، جو روایتی طور پر عظیم شخصیات، فلسفیوں اور بادشاہوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ روپ نہ صرف اکشے کی اداکاری کی وسعت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ فلم کے تاریخی پس منظر کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

فلم کا ٹریلر 3 اپریل کو ریلیز کیا گیا، جس میں ہندوستان کی ایک ایسی تاریخی قانونی جنگ کو دکھایا گیا ہے جسے اکثر نصابی کتب میں جگہ نہیں دی گئی۔ فلم کی ٹیم کے مطابق، ’’18 اپریل کو ہم آپ کے سامنے وہ عدالتی مقدمہ لے کر آ رہے ہیں جو کسی نصابی کتاب میں نہیں پڑھایا گیا۔‘‘

اکشے کمار کا یہ منفرد روپ دیکھ کر مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے اور سوشل میڈیا پر اس کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ ان کی پوسٹ پر ہزاروں لائکس اور تبصرے آ چکے ہیں جن میں مداح ان کے اس انداز کو سراہتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’’اکشے کمار ہمیشہ کچھ نیا لاتے ہیں۔‘‘

یاد رہے کہ فلم ’کیسری 2‘ 18 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور امید ہے کہ یہ فلم نہ صرف شائقین کو متاثر کرے گی بلکہ تاریخ سے جڑے اہم واقعات کو بھی اجاگر کرے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین