عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی،پاکستانی صارفین کو کتنا ریلیف ملے گا؟

اگر موجودہ ٹیکس کی شرحوں کو مدنظر رکھا جائے تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 10 روپے کی کمی متوقع ہے

اسلام آباد:پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر! عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستانی صارفین کو اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی راحت ملنے کا امکان ہے۔ 30 اپریل کو ختم ہونے والے اس عرصے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

یہ کمی ٹیکس کی شرحوں میں تبدیلی سے مشروط ہے۔ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت وعدہ کیا ہے کہ یکم جولائی سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے پروگرام کے حصے کے طور پر پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی لگائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اگر موجودہ ٹیکس کی شرحوں کو مدنظر رکھا جائے تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 10 روپے کی کمی متوقع ہے۔ یہ تخمینہ 15 اپریل کو حتمی حساب کتاب کے بعد واضح ہوگا۔ اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں بھی تقریباً 9 روپے فی لیٹر کمی کی جاتی ہے۔

یہ ممکنہ کمی گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں 6 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 ڈالر فی بیرل کمی کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔

فی الحال، پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہے۔

حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 86 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ اگرچہ پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، لیکن حکومت پیٹرول، ڈیزل اور ہائی آکٹین مصنوعات پر 70 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی وصول کرتی ہے، جو عام لوگوں پر بوجھ ڈالتی ہے۔

اس کے علاوہ، حکومت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی کی مد میں تقریباً 16 روپے فی لیٹر وصول کرتی ہے، چاہے یہ مقامی طور پر تیار ہوں یا درآمد کیے جائیں۔ مزید برآں، تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن کی مد میں آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو ادا کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین