سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان نیوکلیئر معاہدہ جلد متوقع

رواں سال کے دوران سعودی عرب کے ساتھ نیوکلیئر تعاون سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا،امریکی وزیر توانائی

نیویارک:سعودی عرب اور امریکا کے درمیان ایک بڑا نیوکلیئر معاہدہ جلد طے ہونے والا ہے! پاکستان میں سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نائف نے بتایا کہ دونوں ممالک توانائی اور سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب پرامن نیوکلیئر انرجی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے، اور اس شراکت سے دنیا کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے پریس اتاشی ڈاکٹر نائف نے ایک اہم اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا کے درمیان ایک بڑے معاہدے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان نیوکلیئر تعاون سے متعلق ایک معاہدہ متوقع ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ڈاکٹر نائف نے امریکی وزیرِ توانائی کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن اور ریاض بہت جلد توانائی اور سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی وزیرِ توانائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ سعودی عرب میں پرامن نیوکلیئر انرجی کی صنعت کو مقامی سطح پر فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

امریکی وزیرِ توانائی نے یہ بھی کہا کہ رواں سال کے دوران سعودی عرب کے ساتھ نیوکلیئر تعاون سے متعلق مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا اور پرامن نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

اپنے بیان کے آخر میں امریکی وزیرِ توانائی نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کی کوششوں میں سرگرم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک طویل مدتی شراکت داری قائم ہوگی، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین