شدید گرمی، پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کی حفاظت کیلئے خاص اقدامات نافذ

محکمہ تعلیم نے گرمی کے شدید اوقات میں باہر کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا دی ہے

لاہور:پنجاب کے سکولوں میں گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں! محکمہ تعلیم نے طلبہ کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی، کلاسز کو ٹھنڈے کمروں میں منتقل کرنے، اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی جیسے فیصلے کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں میں گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے طلبہ کی حفاظت کے لیے خاص اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف اور ٹھنڈا پانی ہر وقت دستیاب رکھیں تاکہ بچوں کو گرمی سے بچایا جا سکے۔

اس کے علاوہ، طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی پئیں اور اپنے ساتھ دوبارہ استعمال ہونے والی پانی کی بوتل رکھیں۔ گرمی سے بچاؤ کے لیے کلاسز کو سایہ دار اور ہوا دار کمروں میں منتقل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ بچوں کو آرام دہ ماحول ملے۔

محکمہ تعلیم نے گرمی کے شدید اوقات میں باہر کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا دی ہے تاکہ طلبہ کو دھوپ اور گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی، سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ہیٹ سٹروک کی علامات کے بارے میں بتائیں اور اس سے بچنے کے طریقے سکھائیں۔

مزید برآں، تمام سکولوں کو فرسٹ ایڈ کٹس تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ، سکول کے عملے کو ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ وہ طلبہ کی فوری مدد کر سکیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین