ڈالروں کی برسات، پاکستانیوں نے تاریخ رقم کر دی

رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 28 ارب ڈالر کی ترسیلات آئیں، جو گزشتہ سال سے کہیں زیادہ ہیں

پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات! بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مارچ 2025 میں 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر وطن بھیج کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ رقم پچھلے سال کے مقابلے میں 37.3 فیصد زیادہ ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے سب سے زیادہ ترسیلات موصول ہوئیں۔ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 28 ارب ڈالر کی ترسیلات آئیں، جو گزشتہ سال سے کہیں زیادہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے بڑی خوشخبری آئی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مارچ 2025 میں وطن کو تاریخی ترسیلاتِ زر بھیج کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، کسی ایک مہینے میں پہلی بار 4 ارب ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔ مارچ 2025 میں پاکستانیوں نے 4.1 ارب ڈالر کی ترسیلات وطن بھیجیں، جو ایک عظیم کامیابی ہے۔

یہ رقم پچھلے سال مارچ 2024 کے مقابلے میں 37.3 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، فروری 2025 کے مقابلے میں بھی ترسیلات میں 29.8 فیصد کا شاندار اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال، یعنی جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک، مجموعی طور پر 28 ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔ اگر اس کا موازنہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے کیا جائے تو اس وقت صرف 21 ارب ڈالر کی ترسیلات آئی تھیں۔ یہ اضافہ پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

مارچ 2025 کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے 98 کروڑ 37 لاکھ ڈالر آئے۔ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے 84 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔ برطانیہ سے 68 کروڑ 39 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 41 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی ترسیلات وطن پہنچیں۔

یہ ترسیلات پاکستانی معیشت کے لیے ایک سہارا ہیں اور بیرونِ ملک محنت کرنے والے پاکستانیوں کی محبت اور لگن کا ثبوت ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین