آرمی چیف ملک کو معمول پر لے آئے، سیاسی نظام کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے: فیصل واوڈا

جنرل عاصم منیر پاکستان کے رونالڈو ہیں جو گول کر رہے ہیں، لیکن کریڈٹ سب لے رہے ہیں

اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے جو نعرے لگائے، وہ ابھی تک ان کے کانوں میں گونج رہے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ وہ جذباتی لیکن کنٹرول میں نظر آئے اور ملک کو معمول پر لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء بہت اہم ہے اور اچھی خبریں آئیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اچھا کام کر رہے ہیں اور مارچ میں ترسیلات زر 4.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اب پی ٹی آئی کہاں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر حالات بدل رہے ہیں۔

فیصل واوڈا نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں کاپر اور نکل کے ذخائر ملے ہیں اور دو ہفتوں میں ایسی خبر آئے گی جو گزشتہ 40، 45 برسوں میں نہیں سنی گئی۔ انہوں نے طنز کیا کہ ایم کیو ایم کے بعد پی ٹی آئی میں یہ دوڑ لگی ہے کہ اس کا سکندر کون ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سب نے چھوڑ دیا اور آرمی چیف پاکستان کے رونالڈو ہیں جو گول کر رہے ہیں، لیکن کریڈٹ سب لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس کوئی ایسا لیڈر نہیں جو کھل کر بات کر سکے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی نظام کو زائدالمیعاد جمہوری لاشوں سے تعبیر کیا اور سوال کیا کہ کیا وہ جمہوریت لائیں گے؟ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن سے احترام کا رشتہ ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹرمپ کارڈ غائب ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے لیے فنڈنگ کرنے والے امریکی کنونشن میں موجود تھے، کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ ایک سپہ سالار ملک کو مشکلات سے نکال رہا ہے اور وزیراعظم کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کا کام کوئی نہیں روک سکتا۔ پی ٹی آئی والوں کو چیلنج کیا کہ وہ امریکہ جا کر الیکشن لڑیں، یہاں جیت نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر، آئی ایم ایف اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی رکاوٹیں ختم ہو چکی ہیں۔ سول نافرمانی اور آرمی چیف کو بدنام کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے 2018ء کے الیکشن میں آر ٹی ایس بند کرنے کا ذکر کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی بجٹ میں حکومت کو مشکل وقت دے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین