چینی کمپنی پاکستانی بحری صنعت میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہشمند

پورٹ قاسم پر نمکین پانی کو پینے کے قابل بنانے کیلئے ایک "ڈی سیلینیشن پلانٹ" لگانے پر غورکیا جارہا ہے

اسلام آباد:چین کی ایک بڑی تعمیراتی کمپنی پاکستان کی بحری صنعت میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے، جس سے بندرگاہوں کی ترقی، معیشت اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا۔ اس میں پورٹ قاسم پر پانی کی قلت کے حل کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کی تجویز بھی شامل ہے، جو صنعتی اور گھریلو ضروریات پوری کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چین کی ایک معروف تعمیراتی کمپنی نے پاکستان کی بحری صنعت میں بڑی سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ سرمایہ کاری نہ صرف بندرگاہوں کی ترقی کو بڑھاوا دے گی بلکہ معیشت اور ماحولیاتی تحفظ میں بھی بہتری لائے گی۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مدد سے پاکستان اور چین کے معاشی تعاون کے تحت، چینی کمپنی کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر جیسے اہم بندرگاہی مراکز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کر رہی ہے۔

ان بندرگاہوں کو سرمایہ کاروں کے لیے بہت پرکشش قرار دیا گیا ہے، کیونکہ یہ خطے میں تجارت، سیاحت اور بحری سرگرمیوں کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

ایک اہم تجویز کے تحت پورٹ قاسم پر نمکین پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لیے ایک "ڈی سیلینیشن پلانٹ” لگانے پر بات ہو رہی ہے۔ چین نے اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کو پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے۔

یہ جدید پلانٹ صنعتی ضروریات کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی گھریلو پانی کی طلب کو بھی پورا کرے گا۔ اس سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بحری صنعت سے منسلک بنیادی ڈھانچے کی ترقی بھی ہوگی۔

یہ سرمایہ کاری منصوبہ پاکستان کی ماحولیاتی پالیسی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ یہ بندرگاہی ترقی کے ساتھ بحری سیاحت کو بھی فروغ دے گا، جو ساحلی علاقوں کی معیشت کو بہتر بنائے گا۔

چین اور پاکستان کی وزارت بحری امور نے مستقبل میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر مل کر کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

ایس آئی ایف سی کے موثر اقدامات اور چین کی دلچسپی سے پاکستان کے بحری شعبے میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کو ایک پرکشش مقام بنا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین