کراچی: بہتر مستقبل اور پائیدار روزگار کی جستجو میں صرف 2025 کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران ایک لاکھ 72 ہزار 144 پاکستانی ملازمت کی خاطر بیرون ملک جا چکے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن کی چشم کشا رپورٹ کے مطابق ان میں سے اکثریت مزدور طبقے سے تعلق رکھتی ہے، جن میں ہزاروں ڈرائیور، مستری، باورچی، اور ویلڈرز شامل ہیں۔ حیران کن طور پر 849 ڈاکٹرز، 1479 انجینئرز، اور درجنوں اساتذہ بھی پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیورو آف امیگریشن بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے متعلق اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق رواں برس 2025 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ایک لاکھ 72 ہزار 144 پاکستانی ملازمت کی غرض سے بیرون ملک جا چکے ہیں۔اس عرصہ میں بیرون ملک جانے والوں میں 99 ہزار 139 پاکستانی مزدور طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں 38 ہزار 274 ڈرائیور، 1895 مستری، 1689 باورچی شامل ہیں۔رواں برس اب تک 849 ڈاکٹرز بھی ملازمت کے لیے پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ 1479 انجینئرز، 3474 ٹیکنیشنز، 1058 ویلڈرز اور 390 نرسیں بھی بیرون ملک جا چکی ہیں۔بیورو آف امیگریشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے مارچ 2025 کی مدت کے دوران 2130 الیکٹریشن اور 436 ٹیچرز نے بھی ملازمت کی غرض سے بیرون ممالک کا رخ کیا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ایک لاکھ 21 ہزار 970 پاکستانی سعودی عرب گئے جب کہ 6 ہزار 891 افراد یو اے ای، 8 ہزار 331 عمان، 12 ہزار 989 قطر، 939 بحرین، 775 ملائیشیا، 592 چین، 350 آذربائیجان، 264 جرمنی اور 815 پاکستانی یونان گئے۔اس کے علاوہ 1454 پاکستانی برطانیہ، 870 ترکیہ، 275 امریکا، 109 اٹلی اور 108 پاکستانی جاپان گئے ہیں۔





















