برطانیہ میں ایک ہی بچے کی دو مرتبہ پیدائش کا حیرت انگیز واقعہ

کامیاب آپریشن کے بعد بچہ 9 ماہ مکمل کر کے صحت مند پیدا ہوا

برطانیہ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک بچے کی ’دو بار پیدائش‘ ہوئی۔ 20 ہفتوں کی حاملہ لوسی آئزک کے رحم میں کینسر کی تشخیص کے بعد ڈاکٹروں نے ان کا رحم عارضی طور پر باہر نکال کر کینسر کا علاج کیا اور بچے کو واپس رحم میں رکھ دیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد بچہ 9 ماہ مکمل کر کے صحت مند پیدا ہوا

برطانیہ میں ایک ناقابل یقین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک بچے کی ’دو بار پیدائش‘ ہوئی۔ آکسفورڈ سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ ٹیچر لوسی آئزک، جو 20 ہفتوں کی حاملہ تھیں، نے رحم کے کینسر کے علاج کے لیے ایک پیچیدہ آپریشن کروایا۔ اس پانچ گھنٹے کے آپریشن میں سرجنوں نے ان کا رحم عارضی طور پر باہر نکالا، جس میں ان کا بیٹا موجود تھا۔

کینسر کے خلیات ہٹانے کے بعد بچے کو رحم میں واپس رکھا گیا اور حمل کے 9 ماہ مکمل ہونے پر وہ صحت مند پیدا ہوا۔

لوسی اور ان کے بیٹے ریفرٹی نے حال ہی میں جان ریڈکلف اسپتال کا دورہ کیا تاکہ سرجن سلیمانی ماجد اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کریں۔ انہوں نے اس تجربے کو نایاب اور بہت جذباتی قرار دیا۔

دراصل، جب لوسی 12 ہفتوں کی حاملہ تھیں تو ایک معمول کے الٹراساؤنڈ کے دوران انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی۔ جان ریڈکلف اسپتال کے ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر علاج کو پیدائش تک مؤخر کیا گیا تو کینسر پھیل سکتا ہے، جو لوسی کی جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

چونکہ حمل پانچ ماہ کے قریب تھا، اس لیے روایتی سرجری ممکن نہیں تھی۔ اس لیے ڈاکٹروں کو کوئی اور حل تلاش کرنا پڑا۔

ڈاکٹر سلیمانی ماجد کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے ایک نادر اور پیچیدہ سرجری کا فیصلہ کیا۔ اس آپریشن میں رحم کو عارضی طور پر باہر نکال کر کینسر کے خلیات ہٹائے گئے جبکہ بچہ رحم کے اندر ہی رہا۔ یہ انتہائی خطرناک آپریشن دنیا میں صرف چند بار کیا گیا ہے۔

اس آپریشن کے خطرات کے باوجود لوسی اور ان کے شوہر ایڈم نے ڈاکٹروں پر بھروسہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین