مغربی افریقہ میں چمپانزیوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں وہ نشہ آور پھل کھاتے اور آپس میں بانٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ برطانوی محققین کے مطابق، یہ چمپانزی خمیر شدہ پھل سے الکوحل حاصل کرتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے انسان کرتے ہیں۔ یہ پھل کھانے سے ان کے سماجی رشتے مضبوط ہوتے ہیں، کیونکہ وہ اسے اکیلے کھانے کے بجائے بانٹتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، برطانوی محققین کی ایک ٹیم جو مغربی افریقہ میں چمپانزیوں پر تحقیق کر رہی تھی، نے ایک دلچسپ ویڈیو ریکارڈ کی ہے۔ اس ویڈیو میں چمپانزیوں کا ایک گروپ نشہ آور پھل کھاتا اور اسے آپس میں بانٹتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر کی تحقیقاتی ٹیم نے بتایا کہ گنی بساؤ کے کینٹان ہیز نیشنل پارک میں نصب کیمروں نے ان چمپانزیوں کو ریکارڈ کیا۔ یہ چمپانزی خمیر شدہ افریقی بریڈ فروٹ کو آپس میں بانٹ کر کھا رہے تھے، جس میں ایتھنول یعنی الکوحل پایا جاتا ہے۔
محققین کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ چمپانزی اس الکوحل والے پھل کو وہی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو انسان الکوحل کے لیے کرتے ہیں۔
یونیورسٹی کے سینٹر فار ایکولوجی اینڈ کنزرویشن سے تعلق رکھنے والی محقق اینا باؤلینڈ نے بتایا کہ الکوحل والا پھل کھانے سے چمپانزیوں کے جسم میں ڈوپامائن اور اینڈورفنز جیسے ہارمونز نکلتے ہیں۔ اس پھل کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ بانٹنے سے ان کے سماجی رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔
محققین نے یہ بھی کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ چمپانزی اکیلے کھانے کے بجائے اس خاص پھل کو آپس میں بانٹتے ہوئے دکھائی دیے۔





















