بھارتی ٹی وی اداکارہ نوینا بولے نے معروف ہدایتکار ساجد خان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساجد نے 2004-2006 کے دوران ان سے نامناسب مطالبہ کیا تھا کہ وہ ٹو پیس پہن کر بیٹھیں۔ اس سے قبل 2018 میں بھی سلونی چوپڑا، شرلین چوپڑا سمیت کئی اداکاراؤں نے ساجد پر ایسے ہی الزامات عائد کیے تھے۔
بھارتی ٹی وی اداکارہ نوینا بولے نے مشہور فلمساز ساجد خان پر جنسی ہراسانی کا سنگین الزام لگایا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ڈاکٹر مونی کا کردار نبھانے والی نوینا بولے نے ساجد خان پر الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساجد نے ایک ملاقات کے دوران ان سے نامناسب مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کپڑے اتار کر صرف ٹو پیس میں بیٹھیں تاکہ وہ ان کا ’کمفرٹ لیول‘ چیک کر سکیں۔
ایک انٹرویو میں نوینا نے بتایا کہ یہ واقعہ 2004 سے 2006 کے درمیان پیش آیا جب وہ ’گلاڈریگس‘ مقابلے میں حصہ لے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ساجد خان کی کال پر وہ بہت خوش ہوئیں، لیکن ملاقات ان کے دفتر کے بجائے ساجد کی ذاتی رہائش گاہ پر ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے کوئی ان کا انتظار باہر کر رہا تھا، جس سے انہیں کچھ سکون ملا۔
نوینا نے بتایا کہ ساجد خان نے کہا کہ تم نے اسٹیج پر بکنی پہنی تھی، تو یہاں بیٹھنے میں کیا پریشانی ہے؟ نوینا نے جواب دیا کہ اگر آپ کو واقعی بکنی میں دیکھنا ہے تو میں گھر جا کر پہن لوں گی، لیکن یہاں یہ ممکن نہیں۔ اس کے بعد وہ کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔
نوینا نے یہ بھی کہا کہ ایک سال بعد جب وہ ’مسز انڈیا‘ مقابلے میں حصہ لے رہی تھیں، ساجد خان نے دوبارہ ان سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساجد نے دوبارہ ملاقات کی پیشکش اس طرح کی جیسے پچھلا واقعہ کبھی ہوا ہی نہ ہو۔
یاد رہے کہ ساجد خان اس سے پہلے بھی MeToo مہم کے دوران کئی الزامات کا سامنا کر چکے ہیں۔ 2018 میں اداکارہ سلونی چوپڑا، شرلین چوپڑا، آہانہ کمرا اور مندنا کریمی سمیت تقریباً 9 خواتین نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے۔





















