پاکستان میں ہونے والی سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ سے بھارت نے ایک بار پھر پیچھے ہٹ کر کھیل کے میدان میں شکست تسلیم کر لی۔ بھارتی حکومت کی اجازت منسوخ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم اب اسلام آباد نہیں آئے گی، جب کہ کئی دوسرے ممالک نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کھیل کے میدان میں مقابلے سے راہ فرار اختیار کر لی ہے۔ اسلام آباد میں شیڈول سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ سے بھارت نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیمپئن شپ 28 مئی سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی ہے۔
بھارت کی والی بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے ٹیم کو اجازت نامہ جاری نہیں کیا، جس کے باعث بھارتی ٹیم چیمپئن شپ میں شریک نہیں ہو سکے گی۔ اس فیصلے سے پاکستان کو بھی باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اس چیمپئن شپ میں ایران، قازقستان، ترکمانستان، ازبکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایران، کرغزستان، ترکمانستان اور ازبکستان پہلے ہی اپنی شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں، جب کہ سری لنکا کی ٹیم کی بھی جلد شرکت کا اعلان متوقع ہے۔
ایک خوش آئند پیشرفت یہ ہے کہ روس کی والی بال ٹیم نے بھی جون میں پاکستان کا دورہ کرنے اور بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے، جو پاکستانی کھیلوں کے میدانوں کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔





















