دمشق پر اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی لہر، ترک فضائیہ کا شامی حدود میں داخلہ، کشیدگی عروج پر

اس وقت اسرائیلی فضائیہ کا ایک نیا اسکواڈرن شام کی جانب بڑھ رہا ہے

دمشق / انقرہ / تل ابیب: اسرائیلی فضائیہ نے دمشق اور شام کے مختلف علاقوں پر فضائی حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ گھنٹے کے دوران دارالحکومت دمشق پر پانچویں مرتبہ بمباری کی جا چکی ہے، جب کہ کئی دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسی دوران صورتحال میں غیرمعمولی موڑ اُس وقت آیا جب ترکی کی فضائیہ کے لڑاکا طیارے شامی فضائی حدود میں داخل ہو گئے اور اسرائیلی طیاروں کو خبردار کرنے کے لیے GPS نظام میں خلل اور ریڈار جامنگ شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق ترکی کی جانب سے اسرائیلی فضائی کارروائی کو روکنے کے لیے نہ صرف خبردار کرنے والے سگنلز بھیجے گئے بلکہ دمشق کے ریڈار سسٹمز کو جام کر کے ایک پیچیدہ جنگی فضا قائم کر دی گئی ہے۔

ترک جنگی طیاروں نے شام کی فضاء میں پرواز کرنے والے اسرائیلی طیاروں کو وارننگ دی اور ان کے ریڈار نظام کو متاثر کر کے انہیں علاقے سے نکلنے پر مجبور کیا۔

اس وقت اسرائیلی فضائیہ کا ایک نیا اسکواڈرن شام کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ شامی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائیاں اب تک اسرائیلی طیاروں کو روکنے میں ناکام رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ترک ایف-16 طیارے اسرائیلی ایف-16 یا ایف-35 طیاروں کو نشانہ بناتے ہیں، تو یہ شام کی فضائی حدود میں ایک براہِ راست تصادم کی صورت اختیار کر سکتا ہے – جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔

صورتحال ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید کشیدہ ہوتی جا رہی ہے، اور اگلے آدھے گھنٹے میں یہ واضح ہو جائے گا کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان کوئی فضائی جھڑپ ہوتی ہے یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین