بھارتی جارحیت میں 26 شہری شہید، 46 زخمی ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر

شہدا میں 3 سال کی دو معصوم بچیاں بھی شامل ہیں

بھارت کی جانب سے کیے گئے چھ مقامات پر بزدلانہ حملوں میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہو گئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت نے مساجد، گھروں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شہید ہوئے۔ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی گولہ باری سے شہری جانوں کا ضیاع ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں گزشتہ روز چھ مختلف مقامات پر کیے گئے حملوں میں 26 بے گناہ شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں واقع مسجد سبحان اللہ کو بھارتی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں 13 افراد شہید ہو گئے۔ ان شہدا میں 3 سال کی دو معصوم بچیاں بھی شامل ہیں، جب کہ 7 خواتین اور 4 مرد بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اس حملے میں 37 شہری زخمی ہوئے جن میں 9 خواتین شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ مظفر آباد کے قریب واقع مسجد بلال کو بھی بھارتی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 3 شہری شہید ہوئے، جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کوٹلی میں مسجد عباس پر حملے کے نتیجے میں 16 سال کی ایک لڑکی اور 18 سال کا ایک لڑکا شہید ہوئے، جبکہ ان کی ماں اور بہن زخمی ہوئیں۔

ترجمان پاک فوج نے مریدکے میں ہونے والے بھارتی حملے کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مسجد ام القریٰ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 شہری شہید ہوئے اور ایک شخص زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں بھارتی حملے سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، جبکہ شکر گڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی بلااشتعال گولہ باری رات بھر جاری رہی، جس کے نتیجے میں 5 معصوم شہری شہید ہو چکے ہیں۔ ان میں ایک 5 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کا پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فوج اور فضائیہ ہر محاذ پر مستعدی سے دفاع کر رہی ہیں اور دشمن کو اس کی جارحیت کا مکمل حساب دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین