پاکستان نے بھارت پر میزائل حملے اتنے شدید کیے کہ بھارت کو جنگ بندی پر رضامند ہونا پڑا،امریکی صحافی کا دعویٰ

پاکستان کے لیے اب پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے

امریکی صحافی نک رابرٹسن نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی میزائلوں کی طاقت نے بھارت کو جنگ بندی پر مجبور کر دیا۔ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے بھارت دفاعی پوزیشن میں آ گیا اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ثالثی سے جنگ بندی ہوئی۔ تاہم، بھارت کی جانب سے کشمیر کے دریاؤں کا پانی روکنے کا معاملہ پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

امریکی صحافی نک رابرٹسن نے پاک-بھارت جنگ بندی کے بارے میں حیران کن انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میزائلوں نے بھارت کو جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی میز پر لانے پر مجبور کیا۔

سی این این کے بین الاقوامی سفارتی ایڈیٹر نک رابرٹسن نے ایک ٹی وی اینکر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جو جنگ بندی کے مذاکرات کے کمرے میں موجود تھا۔ اس شخص کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔

نک رابرٹسن نے مزید بتایا کہ جب بھارت نے پاکستان کی ایئر بیسز پر حملے کیے تو پاکستان نے زبردست جوابی کارروائی کی۔ پاکستان نے میزائلوں اور راکٹوں سے بھارتی فوجی اڈوں، ایئر بیسز، ہتھیاروں کے ذخیروں اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

اس ذریعے کے مطابق، پاکستان کی اس کارروائی نے بھارت کو دفاعی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد بھارت نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر ممالک سے رابطہ کیا تاکہ جنگ بندی کا کوئی راستہ نکالا جا سکے۔

نک رابرٹسن نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے لیے اب پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے۔ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کشمیر کے پہاڑوں سے آنے والے تین اہم دریاؤں کا پانی روک دیا ہے۔ یہ دریا پاکستان کے لیے نہایت ضروری ہیں اور اس کے وجود کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

جب نک رابرٹسن نے اس بارے میں مزید پوچھا تو ان کے ذریعے نے جواب دیا کہ جنگ بندی ہو گئی ہے اور بھارت کی طرف سے سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین