امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کو اتنا قریب لانا چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک ایک ساتھ کھانا کھائیں اور مسائل حل کریں۔ انہوں نے پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں اپنے وزیر خارجہ مارکو روبیو کے کردار کی تعریف کی اور جنگ کو مسئلے کا حل نہ مانتے ہوئے تجارت کی ترغیب دی۔ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ 142 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے اور ولی عہد محمد بن سلمان کو غیر معمولی شخصیت قرار دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کو مزید قریب لانے کی کوشش کریں گے تاکہ دونوں ممالک ایک ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ کیا یہ شاندار نہیں ہوگا کہ دونوں ممالک کہیں ملاقات کریں، ایک ساتھ کھانا کھائیں اور اپنے مسائل حل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک-بھارت کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان لڑائی ہوتی تو لاکھوں لوگ مارے جا سکتے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ خود ایک بڑا مسئلہ ہے۔امریکی صدر نے سعودی عرب میں ترقیاتی کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ ریاض دنیا کا دارالحکومت بنتا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکے ہیں۔انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی انسان ہیں اور ان جیسا کوئی نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کے لیے 142 ارب ڈالر کے معاہدوں پر باضابطہ دستخط کر دیے ہیں۔
ان معاہدوں میں جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، اور بوئنگ طیاروں کی خریداری شامل ہے۔





















