آئی پی ایل میں شرکت سے نامور کرکٹرز کا انکار؛ بھارتی بورڈ برداشت نہ کر سکا

آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کے کرکٹرز نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھیلنے سے انکار کر دیا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا، لیکن آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کے کرکٹرز نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اس سے ناراض بی سی سی آئی نے غیر ملکی بورڈز پر کھلاڑیوں کو بھیجنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے فیصلوں کا احترام کرے گا، لیکن ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے کھلاڑیوں پر فیصلہ بورڈ کا ہوگا۔ آسٹریلوی کھلاڑی ایلیسا ہیلی نے دھرم شالہ میں میچ روکے جانے پر تنقید کی اور سیکیورٹی یقین دہانی کا مطالبہ کیا۔ آئی پی ایل 17 مئی سے شروع ہوگی، جبکہ فائنل 3 جون کو ہوگا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاک-بھارت جنگ بندی کے بعد بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا، لیکن آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کے کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت واپس آنے سے انکار کر دیا۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کے اس انکار سے بھارتی میڈیا اور کرکٹ بورڈ ناراض ہو گئے، جس کے بعد بی سی سی آئی نے دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز سے رابطہ کر کے اپنے کھلاڑیوں کو بھیجنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔

بی سی سی آئی نے اپنے چیف آپریٹنگ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ آسٹریلیا، انگلینڈ، اور دیگر بورڈز سے انفرادی طور پر رابطہ کریں اور کھلاڑیوں کے سیکیورٹی خدشات دور کریں۔

ایک بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام غیر ملکی بورڈز سے رابطے میں ہیں، اور فرنچائزز اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات کر رہی ہیں تاکہ سب کو واپس لایا جا سکے۔

دوسری طرف، کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے فیصلوں کی قدر کرتا ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنا چاہتا ہے تو اسے روکا نہیں جائے گا، لیکن ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے بارے میں فیصلہ بورڈ خود کرے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کے انتظامات کے لیے بھارتی بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل 17 مئی 2025 سے دوبارہ شروع ہوگی، اور اس کا فائنل میچ 3 جون کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11 جون سے شروع ہوگا۔

ادھر، آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ اور آسٹریلوی ویمنز ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی نے دھرم شالہ میں آئی پی ایل میچ اچانک روکے جانے پر سخت تنقید کی۔

ایلیسا ہیلی نے کہا کہ دھرم شالہ میں درست معلومات نہ ملنے کی وجہ سے کھلاڑی خوفزدہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب آسٹریلوی کرکٹرز کو بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے سے پہلے اپنی حکومت سے سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی لینی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین