بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار غیر محفوظ ہیں اور انہیں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں دینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بیان مقبوضہ کشمیر کے بادامی باغ کنٹونمنٹ میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا، جہاں انہوں نے پاکستان پر ایٹمی دھمکیوں اور دہشت گردی کے الزامات لگائے، جو پاکستان مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے پہلگام حملے کے بعد کشمیری عوام اور فوجیوں کے ردعمل کی تعریف کی اور دعویٰ کیا کہ پاکستان نے شیلنگ کی۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ دنیا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا پاکستان جیسے غیر ذمہ دار ملک کے ہاتھوں میں جوہری ہتھیار محفوظ ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں لے لینا چاہیے۔
راج ناتھ سنگھ نے یہ بیان جمعرات کی صبح انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں انڈین فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے انڈیا کو جوہری ہتھیاروں سے متعلق دھمکیاں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ کشمیر کے اس دورے پر کشمیری عوام اور یہاں تعینات فوجیوں کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں کیونکہ انہوں نے پہلگام حملے کے بعد جو ردعمل دکھایا، وہ قابل تعریف ہے۔
اس دورے کے آغاز پر انڈین فوج نے انہیں شیل، گولوں، اور میزائلوں کے ٹکڑے دکھائے، جن کے بارے میں انڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ پاکستان کی طرف سے فائر کیے گئے تھے۔
راج ناتھ سنگھ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے بارے میں وہی الزامات دہرائے جو انڈیا گزشتہ کئی دنوں سے لگاتا آ رہا ہے۔ پاکستان ان الزامات کو بار بار مسترد کرتا رہا ہے۔





















