پاکستان سے حالیہ تنازع میں ناکامی کے بعد بھارت نے ترکی کو اپنے ’براہمسترا‘ اور اگنی فائیو میزائلوں سے حملے کی دھمکی دی ہے، جو مبینہ طور پر 6 منٹ میں ترکی کو تباہ کر سکتے ہیں۔ یہ دھمکی ایک بھارتی مضمون کے ذریعے سامنے آئی، جسے مبینہ طور پر ’را‘ نے اسپانسر کیا۔ بھارت نے ترکی کی ایک کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی، جو 9 بھارتی ہوائی اڈوں پر کام کرتی تھی۔ ترکی نے پاکستان کی حمایت اور بھارت کی کارروائیوں کی مذمت کی تھی، اور پاکستان کو جدید ڈرون فراہم کیے تھے، جو بھارت کے لیے پریشانی کا باعث بنے۔
پاکستان سے حالیہ تنازع میں ناکامی کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا اور اب ترکی کو حملوں کی دھمکیاں دینے لگا ہے۔بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا ’براہمسترا‘ میزائل 6 منٹ کے اندر ترکی کو تباہ کر سکتا ہے۔
یہ دعویٰ ایک بھارتی نیوز ایجنسی کے مضمون میں کیا گیا، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسے بھارت کی بدنام زمانہ ایجنسی ’را‘ نے اسپانسر کیا۔
اس کے علاوہ، بھارت کی ایوی ایشن سکیورٹی ایجنسی بی سی اے ایس نے جمعرات کو ترکی کی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی، جو ممبئی، دہلی، کوچی، کنور، بنگلور، حیدرآباد، گوا، احمدآباد اور چنئی کے 9 ہوائی اڈوں پر خدمات دیتی تھی۔
یہ فیصلہ ترکی کی طرف سے پاکستان کی حمایت اور بھارت کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کے جواب میں کیا گیا۔
مذکورہ مضمون میں کہا گیا کہ اگنی فائیو میزائل، جو 29,400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتا ہے، ترکی کے کسی بھی حصے، حتیٰ کہ اس کے دارالحکومت انقرہ پر بھی چند منٹوں میں حملہ کر سکتا ہے۔
یہ بھارتی بوکھلاہٹ اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ترکی اور چین ان ممالک میں شامل تھے جنہوں نے بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران پاکستان کی کھل کر حمایت کی اور پاکستان کو جدید فوجی ڈرون دیے، جو نام نہاد آپریشن سندور کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے نازک مرحلے پر بھارتی شہروں اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے لیے استعمال ہوئے۔
بھارت ممکنہ طور پر ترکی جیسے دور کے دشمن کے خلاف براہموس میزائل کا استعمال کسی دوسرے ملک کے پانیوں میں موجود اپنے طیارہ بردار جہاز یا جنگی بحری جہاز سے لانچ کر کے کر سکتا ہے، جو انقرہ کے قریب ہو۔





















