رافیل طیارے کی تباہی سے بھارت کا "آپریشن سندور” ناکامی کا شکار: جرمن میڈیا

چین کا جے-10 سی طیارہ، امریکی ایف-16 کی عالمی فروخت کے لیے بڑا خطرہ بن گیا

بھارت کے "آپریشن سندور” کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اس کا جدید رافیل طیارہ پاکستانی فضائی ردعمل میں چین کے جے-10 سی طیارے کے ہاتھوں تباہ ہو گیا۔ جرمن میڈیا نے اس ناکامی کو بھارت کے لیے شرمندگی اور مغربی اسلحہ سازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے، جبکہ امریکی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جے-10 سی اب ایف-16 کی عالمی برآمدات کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بن چکا ہے۔

برلن اور واشنگٹن سے آنے والی رپورٹس کے مطابق، بھارت کا پاکستان کے خلاف شروع کیا گیا "آپریشن سندور” اس وقت ناکام ہو گیا جب فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ، چین کے تیار کردہ جے-10 سی ملٹی رول لڑاکا طیارے کے ہاتھوں تباہ ہو گیا۔

جرمنی کے ایک معتبر اخبار نے اس واقعے کو بھارت کی ایک بڑی فوجی ناکامی قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ صرف بھارت کے لیے نہیں بلکہ مغربی دفاعی صنعتوں کے لیے بھی ایک خطرناک اشارہ ہے۔ اخبار کے مطابق بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی طاقت کو کمزور سمجھا اور اپنی ٹیکنالوجی پر حد سے زیادہ اعتماد کیا، لیکن جب پاکستانی فضائیہ نے جوابی کارروائی کی تو بھارتی پائلٹس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جے-10 سی طیارے اور اس کے ساتھ نصب چینی میزائل سسٹم نے مہنگے اور جدید رافیل طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو کہ بھارت کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف بھارتی فضائیہ کے اعتماد کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ یورپی دفاعی کمپنیاں بھی اس پر تشویش میں مبتلا ہیں۔

ادھر ایک امریکی دفاعی جریدے نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ چین کا جے-10 سی اب امریکی ایف-16 طیاروں کی عالمی برآمدات کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر چینی کمپنیوں نے ایف-16 کی مارکیٹ میں جگہ بنالی، تو اس کا اثر براہ راست امریکا کی دفاعی معیشت پر پڑے گا۔

رپورٹ میں اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ جے-10 سی اپنی قیمت، کارکردگی اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے وہ مقام حاصل کر سکتا ہے جو پہلے ایف-16 کے پاس تھا، اور اگر ایسا ہوا تو امریکا کے دفاعی شعبے کو ایک بڑا دھچکا لگ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین