موبائل فون پر گھنٹوں جھک کر کھیلنے کا انجام ایک جاپانی نوجوان کے لیے ایک حیرت انگیز اور تکلیف دہ طبی مسئلے کی صورت میں سامنے آیا۔ اس کی گردن میں ایک غیر معمولی ابھار بن گیا اور وہ سر اٹھانے کے قابل نہ رہا۔ ڈاکٹروں نے اس نایاب مسئلے کی تفصیل ایک طبی جریدے میں جاری کی ہے۔
جاپان کے ایک 25 سالہ نوجوان کو فون پر زیادہ وقت گزارنے کی عادت مہنگی پڑ گئی۔ نوجوان مسلسل گھنٹوں اپنا سر جھکائے موبائل فون پر گیمز کھیلتا رہتا تھا جس کے باعث اس کی گردن کے پچھلے حصے میں ایک نوکیلا ابھار نمودار ہو گیا، اور وہ اپنی گردن سیدھی کر کے سر اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔
یہ انوکھا اور نایاب کیس طبی جریدے جے او ایس کیس رپورٹ میں شائع ہوا ہے، جس میں بتایا گیا کہ کس طرح طویل وقت تک سر جھکائے رکھنے سے گردن کے عضلات اور ہڈیوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، جو آخرکار جسمانی ساخت میں بگاڑ پیدا کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان کو طبی امداد لینے سے پہلے شدید گردن درد کا سامنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسے کھانا نگلنے میں بھی پریشانی ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے اس کا وزن تیزی سے کم ہونے لگا۔
گردن کی مسلسل غیر فطری پوزیشن نے اس کے پٹھوں کو اس حد تک کمزور کر دیا کہ وہ اپنا سر اٹھانے سے مکمل طور پر قاصر ہو گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ مسئلہ موبائل فون کے بے تحاشا اور غلط استعمال کی ایک واضح مثال ہے، اور نوجوانوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس خطرناک عادت سے بچیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے موبائل فون استعمال کرتے وقت وقفے لینے چاہئیں، اور جسمانی پوزیشن کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔





















