ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے چین کے میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو واضح انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے بھارت سے کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے میں امن و ترقی پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے کبھی جھکا نہیں، اب بھی نہیں جھکے گا اور ہمارے لیے شہادت کا جذبہ زندگی سے بڑھ کر ہے۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نہ پہلے کسی کے سامنے جھکا ہے اور نہ اب جھکے گا، کیونکہ ہمارے دلوں میں شہادت کی تمنا زندگی سے کہیں زیادہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات چائنہ میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی، جہاں انہوں نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی، پاک چین دوستی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ اس دوران انہوں نے ہر سوال کا مدلل اور حقائق پر مبنی جواب دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام ممالک اس وقت بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، مگر جو ممالک بڑے ویژن کے حامل ہوتے ہیں وہ ان مشکلات سے نکلنے کے لیے بہتر فیصلے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کے عوام انسانیت کی بھلائی اور ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے کبھی سر نہیں جھکایا، اور آج بھی اسی حوصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ ہمیشہ یہ بات کہتے رہے ہیں اور آج بھی یہی کہتے ہیں کہ ہمارے لیے شہادت کا درجہ زندگی سے زیادہ اہم ہے۔ چاہے کوئی نیلی، سفید یا خاکی وردی میں ہو، شہادت ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین دنیا کے دو ذمہ دار ممالک ہیں، جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشحالی صرف امن و استحکام سے آتی ہے اور اسی لیے پاکستان اور چین دونوں اس خطے میں امن قائم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں کیونکہ اس کا مقصد ترقی کو روکنا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ چین نے جس تیز رفتاری سے اتنی بڑی آبادی کے ساتھ ترقی کی ہے، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک ترقی کرے اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح امن ہے۔ آج اگر آپ پاکستان کی گلیوں میں جائیں تو آپ کو فتوحات کا نہیں بلکہ امن کا جشن مناتے لوگ دکھائی دیں گے۔ پاکستانی عوام میں انسانیت کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم عاجزی کے ساتھ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، کیونکہ ہم ایک پرامن قوم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے کہ انشاء اللہ پاکستان بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔