پابندی کے باوجود پاکستانی اداکار علی خان بھارتی سیریز میں نظر آنے والے واحد فنکار

مودی حکومت نے نام نہاد پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی

مودی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باوجود، پاکستانی اداکار علی خان نے نیٹ فلیکس انڈیا کی سیریز "دی رائلز” میں شاندار انداز میں جلوہ گر ہو کر ناظرین کے دل جیت لیے۔ علی خان، جو پہلے بھی کئی بھارتی پروجیکٹس کا حصہ رہ چکے ہیں، اب اس سیریز میں "نواب آف دھونڈی” کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

بھارت کی مودی سرکار کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر لگائی گئی پابندی کے باوجود پاکستانی اداکار علی خان ایک بار پھر بھارتی اسکرین پر جلوہ گر ہو گئے ہیں۔ نیٹ فلیکس انڈیا کی حالیہ سیریز "دی رائلز” میں وہ "نواب آف دھونڈی” کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جسے ناظرین اور ناقدین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ مودی حکومت نے نام نہاد پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی، جس کے تحت فواد خان کی فلم کی نمائش بھی روک دی گئی تھی، اور کئی پاکستانی گانے یوٹیوب سے بھی ہٹا دیے گئے تھے۔

تاہم اس سخت پابندی کے باوجود نیٹ فلیکس پر علی خان کی موجودگی ایک حیران کن اور خوش آئند پہلو کے طور پر سامنے آئی ہے۔ علی خان اس سے قبل بھی مختلف بھارتی ڈاکیومینٹریز، آرٹ فلمز اور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔ ان کی مردانہ آواز اور بااثر اداکاری کئی پروجیکٹس میں نمایاں رہی ہے۔

نیٹ فلیکس پر 9 مئی کو ریلیز ہونے والی سیریز "دی رائلز” میں ان کا کردار ایک نواب کا ہے، اور ناظرین ان کی پرفارمنس کو خوب پسند کر رہے ہیں۔ یہ سیریز اس وقت ریلیز ہوئی جب بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے پوسٹرز ہٹائے جا رہے تھے اور ان کے گانے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ہٹائے جا رہے تھے۔

اس وقت بھارت میں کسی پاکستانی فنکار کو نہ فلموں میں کاسٹ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان کے گانے دکھائے یا چلائے جا رہے ہیں، لیکن علی خان کی یہ سیریز نہ صرف دکھائی جا رہی ہے بلکہ کامیابی بھی حاصل کر رہی ہے۔ اس طرح وہ بھارت میں اس ماحول میں دکھائے جانے والے واحد پاکستانی اداکار بن گئے ہیں۔

نقاد بھی ان کی اداکاری کے معترف نظر آتے ہیں، اور علی خان کی موجودگی کو پروجیکٹ کی کامیابی کا اہم عنصر قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ علی خان، مرحوم جنید جمشید کے کزن اور معروف اداکارہ جگن کاظم کے دور کے رشتہ دار بھی ہیں۔ وہ بھارت کے علاوہ برطانیہ میں بھی کام کر چکے ہیں، اور ان کی فنکارانہ صلاحیتیں اب بین الاقوامی سطح پر سراہی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین