J-10C کی پرواز، پاکستان کے دفاعی آسمان پر نئی تاریخ رقم

رافیل بھی نہ بچ سکا: پاک فضائیہ نے J-10C کی مدد سے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے

پاک فوج کے آپریشن ’’بُنیان مرصوص‘‘ نے نہ صرف دشمن کو فیصلہ کن شکست دی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی فضائی برتری اور پیشہ ورانہ مہارت کو تسلیم کروایا۔ اس تاریخی معرکے میں پاک فضائیہ نے اپنی مہارت، جذبے اور جدید ترین عسکری ساز و سامان کے ذریعے بھارت کو فضاؤں میں منہ توڑ جواب دیا۔

اس کامیابی کا عالمی اعتراف چین کے سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی اس ڈاکیومنٹری سے بھی ہوا، جس میں J-10C طیاروں کی پہلی جنگی کامیابی کی تفصیلات سامنے آئیں۔ رپورٹ کے مطابق، J-10CE (جو J-10C کا ایکسپورٹ ورژن ہے) نے ایک حقیقی فضائی معرکے میں دشمن کے جنگی طیارے، بشمول فرانسیسی ساختہ رافیل، کامیابی سے تباہ کیے — اور یہ اس طیارے کی عملی میدان میں پہلی جنگی فتح تھی۔

ڈاکیومنٹری میں بتایا گیا کہ J-10C ایک سنگل انجن ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو جدید AESA ریڈار، کم ریڈار کراس سیکشن، جدید ایویونکس، اور دور مار PL-15 میزائل سے لیس ہے۔ یہ خصوصیات اسے خطے کے دیگر لڑاکا طیاروں پر برتری دیتی ہیں۔

J-10 پروگرام کی بنیاد 1980 کی دہائی میں اس وقت رکھی گئی جب چین نے فیصلہ کیا کہ وہ امریکی اور سوویت فضائی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرے گا۔ 1997 میں پہلا J-10 ماڈل مکمل ہوا، جسے ماہرین نے ’’فضائی دفاع کی تاریخ کا ایک معجزہ‘‘ قرار دیا۔ 2003 میں یہ طیارہ چین کے فضائی بیڑے کا حصہ بن گیا، اور بعد ازاں اس کا جدید ترین ورژن پاکستان کو فراہم کیا گیا، جسے پاک فضائیہ نے دشمن کے خلاف بھرپور مہارت سے استعمال کیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2020 سے 2024 کے دوران پاکستان کی 81 فیصد دفاعی درآمدات چین سے ہوئیں، جو اب پاکستان کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار بن چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین