لاہور ( 25مئی2025 ) پاکستان عوامی تحریک کے 36 ویں یوم تاسیس پر لاہور سمیت ملک بھر میں ضلعی مقامات پر”قوت اخوت عوام” کے موضوع پر سیمینار ہوئے اور کیک کاٹے گئے، لاہور میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 75سال پرانا فرسودہ نظام اور اس سے چمٹے ہوئے بابے ترقی کے راستے کی اصل رکاوٹ ہیں۔75
سالہ تمام سیاسی بابے رضاکارانہ ریٹائر منٹ کا اعلان کر کے نوجوانوں کو آگے آنے دیں یا پھر ہر سطح پر ریٹائرمنٹ کی عمر تادم مرگ کر دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ نئی لیڈرشپ کی تیاری کےلیے بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کیے جائیں، بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے،یہ کیسی جمہوریت ہے جو بلدیاتی اداروں کی تدفین کے بعد وجود میں آتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جمہوریت آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا نام ہے ۔سلیکٹڈ میرٹ، سلیکٹڈ انصاف اور سلیکٹڈ ترقی جمہوریت کی نفی ہے۔پاکستان عوامی تحریک جامع اصلاحات اور عوامی امپاورمنٹ کےلئےاپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔سیمینار سے راجہ زاہد محمود،سردار عمر دراز خان، ثاقب بھٹی، گلزار حسین شاہ، عارف چودھری، شفاقت مغل، امجد چودھری، سردار عارف علی، نے اظہار خیال کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےنوراللہ صدیقی نے کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کے احترام اور ادب اختلاف کا نام ہے، افسوس پاکستان کی جمہوریت اختلاف رائے کے احترام سے ناواقف ہو چکی ہے، انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو گالم گلوچ کا ماحول ہے اس دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری واحد راہنما ہیں جن کی ساری توجہ نوجوانوں کے اخلاق و کردار سنوارنے پر مرکوز ہے، صالح اور باکردار نوجوان پاکستان اور امہ کا محفوظ مستقبل ہیں،سیمینار میں کہا گیا کہ بھرپور دفاع افواج پاکستان اور عوام کے اتحاد و یکجہتی کا ثمر اور مظہر ہے، مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کراچی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے لاہور، میاں ریحان مقبول نے فیصل آباد چک جھمرہ میں سیمینار میں شرکت اور خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی اور اتحاد و یکجہتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔





















