گمشدگی سے موت تک ٹائٹن آبدوز کے سانحے پر فلمی پردہ اٹھنے والا ہے

ٹائٹن حادثہ عالمی المیہ، پاکستانی صنعتکار اور بیٹے کی شہادت بھی تاریخ کا حصہ بن گئی

بحرِ اوقیانوس کی تاریک اور خاموش گہرائیوں میں تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کی اصل کہانی اب نیٹ فلکس کی نئی دستاویزی فلم ’ٹائٹن: دی اوشین گیٹ ڈیزاسٹر‘ کی صورت میں منظرِ عام پر آنے والی ہے۔یہ وہی سانحہ ہے جس نے جون 2023 میں دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جب پرائیویٹ کمپنی OceanGate کی تیار کردہ یہ آبدوز، ٹائٹینک کے ملبے تک ایک پرخطر مہم پر روانہ ہوئی—لیکن کبھی واپس نہ آئی۔ اس ہولناک حادثے میں پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں پاکستان کے ممتاز صنعتکار شہزادہ داؤد اور ان کے نوجوان صاحبزادے سلیمان داؤد بھی شامل تھے۔یہ فلم 6 جون کو Tribeca Film Festival میں پریمیئر کی جائے گی، جب کہ نیٹ فلکس پر اسے 11 جون سے نشر کیا جائے گا۔اس ڈاکیومنٹری کی ہدایتکاری معروف فلم ساز مارک مونرو نے کی ہے، اور اسے The Story Syndicate نے پروڈیوس کیا ہے — وہی ٹیم جس نے Take Care of Maya اور Gone Girl جیسے مشہور پراجیکٹس تخلیق کیے۔فلم میں صرف حادثے کی تفصیلات ہی نہیں بلکہ اُس ذہنیت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے جو خواب اور جنون کے درمیان کی لکیر کو مٹا دیتی ہے۔ انٹرویوز، نایاب فوٹیجز، آڈیو کلپس اور ماہرین کی رائے کے ذریعے آبدوز کی تباہی کے اسباب اور اسٹاکٹن رش کی خطرناک بصیرت کو کھولا گیا ہے۔رش، جو کمپنی کا بانی اور سی ای او تھا، اپنی انا، شہرت کی خواہش اور سیفٹی پروٹوکولز کو نظرانداز کرنے کی ضد کے باعث ایک المناک داستان کا مرکزی کردار بن گیا۔ایک تجزیہ کار کے مطابق:”یہ طے تھا کہ ٹائٹن کسی دن ناکام ہوگی، صرف وقت کا تعین باقی تھا۔”فلم میں رش کو "خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والا شخص” قرار دیا گیا ہے۔ ایک کلپ میں وہ خود کہتا ہے:”میں موت کا طلبگار نہیں، مگر خطرے کو سمجھتا ہوں… میری زیرِ نگرانی کوئی نہیں مرے گا۔”لیکن حقیقت اس کے برعکس ثابت ہوئی۔یاد رہے، یہ واقعہ 18 جون 2023 کو اس وقت پیش آیا جب ٹائٹن آبدوز سمندر کی تہہ کی جانب روانہ ہوئی۔ عالمی ریسکیو آپریشن کے بعد 22 جون کو اس کی تباہی کی تصدیق ہوئی۔ یہ مشن ایک بین الاقوامی انسانی سانحے میں بدل گیا، جس نے دنیا بھر کی توجہ سمیٹی۔یہ فلم صرف ایک حادثے کی روداد نہیں، بلکہ انسانی تجسس، تکبر اور بے لگام خوابوں کی وہ قیمت دکھاتی ہے جو اکثر زندگی سے وصول کی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین