پُراسرار اموات پر مبنی فلم کی نمائش کے دوران سنیما گھر کی چھت منہدم ہوگئی

فلم کے اختتام کے قریب چھت کا ایک ٹکڑا فیاما نامی خاتون کے گھٹنے پر گرا

ارجنٹینا کے شہر لا پلاتا میں فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش کے دوران سینما کی چھت گرنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔ فلم کے اختتام کے قریب چھت کا ایک ٹکڑا فیاما نامی خاتون کے گھٹنے پر گرا، جنہیں اسپتال لے جایا گیا۔ یہ واقعہ فلم کی کہانی سے مماثلت رکھتا ہے، جو غیر متوقع حادثات اور اموات پر مبنی ہے۔ خاتون نے سینما انتظامیہ پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارجنٹینا کے شہر لا پلاتا کے ایک سینما ہال میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ کی ہارر فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب فلم اپنے اختتام کے قریب تھی اور اچانک سینما کی چھت کا ایک حصہ گر گیا۔ اس حادثے کی وجہ سے ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں، اور سینما ہال کو بھی نقصان پہنچا۔

زخمی خاتون، جن کا نام فیاما ولورڈے ہے، نے بتایا کہ وہ فلم دیکھنے میں پوری طرح مگن تھیں جب اچانک ایک زوردار آواز سنائی دی۔ پہلے انہوں نے سوچا کہ یہ آواز فلم کا حصہ ہے، لیکن پھر چھت کا ایک بڑا ٹکڑا ان کے گھٹنے پر آ گرا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے گھٹنے کو شدید چوٹ لگی ہے۔

فیاما نے بتایا کہ اگر وہ اس وقت تھوڑا سا آگے نہ جھکی ہوتیں تو چھت کا وہ ٹکڑا ان کے سر پر گر سکتا تھا، جس سے بہت سنگین نتائج برآمد ہو سکتے تھے۔ انہوں نے سینما انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ اس واقعے کے خلاف شکایت درج کرائیں گی۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ اگر یہ ٹکڑا ان کے ساتھ بیٹھی ان کی 11 سالہ بیٹی پر گرتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟

یہ واقعہ اس لیے بھی حیران کن ہے کہ ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ ایک ایسی فلم ہے جو غیر متوقع حادثات اور پراسرار اموات کی کہانیوں کے گرد گھومتی ہے۔ اس حادثے نے فلم کی کہانی اور حقیقت کے درمیان ایک عجیب مماثلت پیدا کر دی، جس سے شائقین اور میڈیا میں بحث چھڑ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین