بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک،باجوڑ اور بنوں میں حملے پسپا

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے مچھ اور قلات میں کامیاب آپریشن کئے

راولپنڈی :سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے۔

قلات میں دوسری کارروائی

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن بلوچستان کے ضلع قلات میں کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے ایک اور ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس کارروائی کے دوران مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے تمام دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

اسے بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس کی پشت پر بھارت موجود ہے، فیلڈ مارشل

 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

باجوڑ اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے پسپا

ادھر خیبرپختونخوا میں دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے حملے پولیس نے جوانمردی سے ناکام بنا دیے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق ضلع باجوڑ اور بنوں کے علاقوں لوئی ماموند اور میریان کے تھانوں پر رات گئے دہشتگردوں نے حملے کیے، تاہم پولیس نے بروقت اور دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔

پولیس جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ پولیس نہ صرف حملوں کو روکتی رہی بلکہ دہشتگردوں کا تعاقب بھی جاری ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ان جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور انعامات کا اعلان کیا ہے جنہوں نے دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا پولیس کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے تھانہ میریان پر حملہ ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ دہشتگردوں کے حملے پسپا کیے ہیں، اس بار بھی پولیس نے پروفیشنل انداز میں دہشتگردوں کا منہ توڑ جواب دیا اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

خوارجی دہشتگردوں کی شکست

محسن نقوی نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر وہ خیبرپختونخوا پولیس کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین