منہاج یونیورسٹی لاہور میں فنکشنل جینومکس پر ایک روزہ سمپوزیم ، ماہرینِ حیاتیات کا اظہارِ خیال

جینومک ڈیٹا کے تجزیے کی بدولت بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ذاتی نوعیت کا علاج ممکن ہو گیا ہے:ڈاکٹر سیف اللہ چودھری،

لاہور :سکول آف بایوکیمسٹری، منہاج یونیورسٹی لاہور اور ڈیپارٹمنٹ آف لائف سائنسز، LUMS کے اشتراک سے "فنکشنل جینومکس میں جدید پیش رفت” کے موضوع پر گزشتہ روز ایک روزہ سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا ۔

الفارابی آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں  لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرینِ حیاتیات ،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ چودھری، ڈاکٹر خرم بشیر اور ڈاکٹر محمد شعیب نے خطاب کیامہمان مقررین نے فنکشنل جینومکس، بایومیڈیکل انفارمیٹکس، اور کینسر تھراپی کے جدید رجحانات اظہار خیال کیا۔

اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی میں جھینگا فارمنگ پر مذاکرہ کا انعقاد، ماہرین کا پائیدار آبی زراعت کے فروغ پر زور

ڈاکٹر سیف اللہ چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جینومک ڈیٹا کے تجزیے کی بدولت بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ذاتی نوعیت کا علاج ممکن ہو گیا ہے، جو طب کے میدان میں ایک انقلاب ہے۔ انہوں نے ڈیٹا ڈریون اپروچز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو مستقبل کے طب کی کلید قرار دیا۔ڈاکٹر خرم بشیر نے فنکشنل جینومکس کو زراعت کے شعبے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ پلانٹ بایوٹیکنالوجی میں جینیاتی تحقیق کے ذریعے ایسی فصلیں تیار کی جا رہی ہیں جو بیماریوں سے محفوظ اور موسمیاتی دباؤ کا بہتر مقابلہ کر سکتی ہیں، جو غذائی تحفظ کی عالمی کوششوں میں معاون ہیں۔

اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

ڈاکٹر محمد شعیب نے فنکشنل جینومکس کی مدد سے ایپی جینیٹک پیچیدگیوں کو سلجھانے اور نئی ویکسینز و تھراپیز کی تیاری کے عمل پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ آئندہ کئی دہائیوں تک انسانی صحت کی بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مقررین کو منہاج یونیورسٹی آمد اور خطاب پر شکریہ ادا کیا اور ان میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اس نوعیت کی علمی نشستیں تحقیق، تعلیم اور ادارہ جاتی اشتراک کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوتی ہیں۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اپلائیڈ سائنسز، ڈاکٹر فرخندہ منظور، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف بائیوکیمسٹری، ڈاکٹر شہزاد بشیر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین