امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ دیں گے

ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کی میڈیا سے بات چیت بھی متوقع ہے، ترجمان وائٹ ہائوس

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں ایک خصوصی ظہرانہ دیں گے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ایک ملاقات بھی متوقع ہے۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات میڈیا کے بغیر (کلوزڈ پریس) ہوگی۔ ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی مشترکہ پریس بریفنگ متوقع ہے جو عالمی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے گی۔ظہرانہ امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کیبنٹ روم میں منعقد ہوگا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتِ حال اور بالخصوص ایران اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ یہ ملاقات اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ دونوں ممالک خطے میں قیامِ امن کے لیے تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس خصوصی ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر دفاع ہینکر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے، جو اس موقع کی سفارتی اہمیت کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں بھی طے شدہ شیڈول کا حصہ ہیں، جن میں دفاعی تعاون اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر گہرے تبادلۂ خیال کی توقع ہے۔

یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات کی نئی جہتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے بلکہ خطے میں موجود چیلنجز کے مقابلے کے لیے پاکستان کے متحرک کردار کا بھی عکاس ہے۔ عالمی منظرنامے پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی فعالیت ان عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے جو پاکستان کو تنہا دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والا یہ تاریخی ظہرانہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان دنیا کے اہم فیصلوں اور مکالموں کا ایک مرکزی کردار بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین