لاہور: منہاج یونیورسٹی لاہور میں ’’متوازن صحت کے ذریعے قوت و کارکردگی میں بہتری‘‘کے موضوع پر گزشتہ روز سیمینار منعقد کیا گیا جس میں کویت سے تعلق رکھنے والی ممتاز بین الاقوامی اسپیکر شیخا الرفج نے کلیدی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں شیخا الرفج نے جامع صحت و فلا ح کو انسان کی ذہنی، جسمانی، جذباتی اور روحانی توانائی کا توازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض امید پر زندگی گزارنا کافی نہیں بلکہ ایسی با مقصد امید ہو جس کے پیچھے حقیقت پسندی، عمل، منصوبہ بندی اور مضبوط ارادہ کارفرما ہو۔
انہوں نے کہا کہ انسان اس وقت تک پیداواری صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا جب تک اس کی سوچ اس کے مقصدِ حیات سے ہم آہنگ نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ روحانیت کا مطلب واضح مقصد کے ساتھ زندگی بسر کرنا اور یہی ہولسٹک ویلنیس کی بنیاد ہے۔ شیخا الرفج نے کہا کہ بے سمت اور منتشر خیالات انسان کی توانائی کو ختم کر دیتے ہیں۔صحت مند ذہن ہی تخلیقی، متحرک اور پائیدار کام کا ماحول تخلیق کرتا ہے۔سیمینار کے اختتام پر رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے مہمان مقرر کو شیلڈ سے نوازا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر (ORIC) منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر امبر نورین سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز ،فیکلٹی ممبران اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
منہاج یونیورسٹی لاہور میں ’’متوازن صحت کے ذریعے قوت و کارکردگی میں بہتری‘‘کے موضوع پر سیمینار
کویت سے تعلق رکھنے والی ممتاز بین الاقوامی اسپیکر شیخا الرفج نے کلیدی خطاب کیا،رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے مہمان مقرر کو شیلڈ سے نوازا





















