پری مون سون ، 4 سے 5 دن موسم خوشگوار رہے گا، محکمہ موسمیات

لاہور میں آج دن کے اوقات میں ہلکی بارش جب کہ رات گئے تیز بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے

مون سون سیزن سے پہلے پاکستان میں ہر سال پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے اور گرمی وحبس سے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھتے ہیں۔ بہتر منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث قدرت کی یہ رحمت زحمت میں بدل جاتی ہے، بارش کے پانی سے فائدہ اٹھانے کی بجائے ہمیں ہر سال اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ان بارشوں کے باعث نہ صرف ملک بھر میں سیلاب آتے ہیں بلکہ شہروں میں بھی نکاسی آب کے بہتر انتظامات نہ ہونے کے باعث موسم انتظامیہ کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔ پاکستان کے بڑے شہر وں کی سڑکوں بھی تالابوں کا منظر پیش کررہی ہوتی ہیں۔

موسم کی تازہ پیش گوئی

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اہم اعلان کیا ہے کہ آج (30 جون 2025) سے پری مون سون بارشوں کا ایک نیا سلسلہ پنجاب بھر میں داخل ہو رہا ہے۔ اس سسٹم کے تحت اگلے چار سے پانچ دن تک صوبے کے مختلف علاقوں، بشمول لاہور، میں وقفے وقفے سے ہلکی سے تیز بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ لاہور میں آج دن کے اوقات میں ہلکی بارش جب کہ رات گئے تیز بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ موسم کی اس تبدیلی سے شہریوں کو شدید حبس سے کچھ نجات مل سکتی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی شہری انتظامیہ کے لیے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تیاری ضروری ہے۔آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس موسم کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

سڑکوں پر پانی

گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں ہونے والی بارش نے شہری زندگی پر نمایاں اثرات مرتب کیے۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بارش کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔ متعدد مقامات پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کی وجہ سے پانی کی نکاسی کا نظام متاثر ہوا، جس سے صورت حال مزید خراب ہو گئی۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال مون سون سیزن میں ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، جب کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) نے اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لیے 31 جولائی کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبے وقت پر مکمل نہ ہوئے تو آنے والے مون سون سیزن میں صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

ہنگامی اقدامات کی ضرورت

پری مون سون بارشوں کے اس نئے سلسلے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے۔ واسا اور بلدیہ عظمیٰ لاہور سمیت دیگر اداروں کو چاہیے کہ وہ نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے مون سون سیزن سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کریں تاکہ گزشتہ سالوں کی طرح مشکلات سے بچا جا سکے۔
پنجاب میں پری مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شہریوں کے لیے گرمی سے نجات کا باعث بن سکتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی شہری انتظامیہ کے لیے چیلنجز بھی لے کر آیا ہے۔ لاہور سمیت صوبے بھر کے اداروں کو چاہیے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دیں۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ موسم کی صورت حال سے باخبر رہیں اور اپنی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین