مودی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے خوفزدہ،ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت ٹھکرا دی

پاکستان بین الاقوامی طاقتوں کی آنکھ کا تارا کیسے بن گیا؟، بھارتی اپوزیشن اور میڈیا کی چیخ و پکار

لاہور(خصوصی رپورٹ) بھارتی وزیراعظم مودی کو سفارتی محاذ پر پے در پے شکست اور ہزیمت کا سامنا ہے اور بی جے پی کا اقتدار اور سیاست خطرے میں ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں نریندر مودی کی سیاسی و حکومتی ساکھ نچلی ترین سطح پر آچکی ہے اور وہ بڑی طاقتوں اور بھارتی سیاسی مخالفین کے تابڑ توڑ حملوں کی زد میں ہیں۔ بھارتی تجزیہ نگاراعتراف کررہے ہیں کہ نریندر مودی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی متحرک فوجی حکمت عملی اور سفارتی ڈپلومیسی سے خوفزدہ ہیں اور اُنہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ ان حملوں سے اپنی ساکھ کیسے بچائیں؟۔

پاک بھارت جنگ کے دوران بھاری نقصان اٹھانے کے بعد نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت کا بھی شکار ہیں ۔نریندر مودی کی ناکام معاشی کارکردگی کی وجہ سے بھارتی معیشت کو ہر روز نئے سے نئے جھٹکے لگ رہے ہیں گزشتہ ہفتہ بھارتی سٹاک مارکیٹ سے ایک دن میں 50 ارب ڈالر نکل گئے۔ بھارتی اپوزیشن اور غیر جانبدار معاشی ماہرین کی طرف سے پاکستان کی نسبت بھارت پر امریکہ کی طرف سے بھاری محصولات عائد کرنے کو ایک ناکام معاشی و سفارتی حکمت عملی قرار دیا جارہا ہے۔

مودی اپنی سیاسی اور سفارتی شکست کا ذمہ دار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو سمجھتے ہیں اور پہلی بار کانگرس بی جے پی پر سیاسی اعتبار سے ہر گزرتے دن کے ساتھ حاوی ہوتی جارہی ہے۔ نریندر مودی اور بھارتی فوج بھی آئی ایس پی آر کی طرف سے پیشگی فالیس فلیگ آپریشنز کے پردے چاک ہونے پر بھی پریشان ہیں ۔ بی جے پی کی اقتدار کی سیاست بھی شدید خطرے کی زد پر ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو عشائیہ پر بلایا ہے مگر شکست خوردہ مودی اس عشائیہ میں شرکت سے اس ڈر سے انکاری ہیں کہ کہیں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے آمنا سامنا نہ ہو جائے۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر مودی کے اعصاب پر بری طرح سوار ہو چکے ہیں اور کانگریس اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے۔ نریندر مودی کا سوشل میڈیا بھی بھاری اخراجات کے باوجود بی جے پی کی مودی حکومت کی امیج بلڈنگ میں ناکام ہو چکا ہے۔

بھارتی میڈیا بھی چیخ رہا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ راتوں رات پاکستان چین کے بعد امریکہ سمیت عرب ریاستوں بشمول ایران کی آنکھ کا تارا بنا ہوا ہے اور اس خطے کے سٹرٹیجکل فیصلوں میں پاکستان کو آن بورڈ لیا جارہا ہے۔ اس وقت بھارتی پالیسی ساز حیران اور پریشان ہیں کہ پاکستان میں تیل کے کون سے خزانے دریافت ہوئے ہیں کہ امریکی صدر رام ہو چکے ہیں اور چین کی بھی پاکستان سے محبت پہلے سے بڑھ چکی ہے۔

بعض بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ کرے تاکہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر پر دبائو بڑھایا جا سکے تاہم تاحال پاکستان کی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متحرک ،بروقت اور شدید ردعمل کے باعث بھارت سمیت پاکستان کے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ دشمنوں کی کوئی خفیہ حکمت عملی کارگر نہیں ہورہی ۔ مودی کی متشدد اور انتہا پسندانہ ہندوتوا کی سوچ بھی شکست سے دوچار ہے اور بھارت کا سیکولر طبقہ اب کھل کر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ کو بے نقاب کررہا ہے۔

بھارتی سلامتی کے مشیر اجیت دوول بی جے پی کی حکومت کی ساکھ اور سیاست بچانے کے لئے روسی صدر پیوٹن کے پائوں پڑے ہوئے ہیں۔ پاکستانی فوج کے خبردار کرنے کے بعد کہ اگر اب پاکستان کے خلاف کوئی فالس فلیگ کیا گیا یا سلامتی کی طرف میلی نگاہ اٹھائی گئی تو بھارت کے اندر کسی بھی جگہ جا کر شدید ردعمل دیں گے۔ اس بیان نے بھی بھارت کی سلامتی کے مشیروں کی نیندیں اڑا رکھی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین