سانگھڑ (خصوصی رپورٹ: محمد وسیم جوکھیو) صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ سندھ محمد یاسر کھوسہ ایڈووکیٹ نے ضلع سانگھڑ کی تحصیل کھپرو میں نجی اسکول کے نوجوان استاد بابر علی ہنگورجو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کی شہادت تعلیم اور معاشرتی تعمیر کے عمل کے لیے ایک افسوس ناک سانحہ ہے۔ تعلیم قوموں کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی کی بنیاد ہے، جبکہ استاد نئی نسل کی علمی و اخلاقی تربیت اور روشن مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اساتذہ کا تحفظ درحقیقت علم و تعلیم کے فروغ اور تعلیمی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
محمد یاسر کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ کھپرو میں بھٹ بھائٹی کے قریب مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بابر علی ہنگورجو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ عبدالستار ہنگورجو بھی زخمی ہوئے۔ واقعے کے خلاف مقتول کے ورثا اور علاقہ مکینوں کا احتجاج شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار ہے۔

انہوں نے وزیرِ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں، بالخصوص اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور مقتول کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔
صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ سندھ نے شہید بابر علی ہنگورجو کے والدین اور دیگر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔





















