پاک افغان قطر معاہدہ، سرحد کھل گئی، اسپین بولدک سے خالی ٹرک چمن پہنچ گئے

افغان کشیدگی کے باعث چمن میں بابِ دوستی کے مقام پر تجارتی سرگرمیاں گزشتہ 9 روز سے معطل ہیں

چمن :قطر میں پاک افغان مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان کے علاقے اسپین بولدک میں پھنسے خالی ٹرکوں کو چمن بارڈر کے راستے پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ وہی ٹرک ہیں جو افغان شہریوں کو افغانستان لے کر گئے تھے اور بعد میں سرحدی کشیدگی کے باعث اسپین بولدک میں پھنس گئے تھے۔ پاک افغان چیمبرز آف کامرس کے درمیان اسپین بولدک میں ہونے والے مذاکرات کے بعد تجارتی سرگرمیوں کی جزوی بحالی ممکن ہو سکی۔

چمن چیمبرز آف کامرس، پاک افغان جوائنٹ چیمبرز اور قندھار چیمبرز آف کامرس کی مشترکہ کوششوں سے سرحد جزوی طور پر کھولی گئی، جس کے تحت سیکڑوں خالی کنٹینرز اور ٹرکوں کو بابِ دوستی کے بجائے گیٹ نمبر 4 سے پاکستان واپس آنے کی اجازت دی گئی۔

چمن چیمبرز آف کامرس حکام کے مطابق تقریباً 2 ہزار پاکستانی ڈرائیور اور معاون عملہ اسپین بولدک میں پھنسا ہوا تھا، جن کی واپسی اب ممکن ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث چمن میں بابِ دوستی کے مقام پر تجارتی سرگرمیاں گزشتہ 9 روز سے معطل ہیں۔ دوسری جانب طورخم بارڈر پر بھی تجارت کی بحالی کی تیاریاں جاری ہیں۔ کسٹم حکام کے مطابق کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے اسکینر طورخم ٹرمینل پہنچا دیا گیا ہے اور عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے بعد 19اور20 اکتوبر 2025 کو اسپن بولڈک (افغانستان) اور چمن (پاکستان) کے نزدیک تجارتی راستوں میں جزوی نرمی دیکھی گئی اس مرحلے میں خاص طور پر وہ خالی کنٹینرز اور ٹرک جو سرحدی کشیدگی کے باعث اسپن بولڈک میں پھنسے ہوئے تھے، چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی۔ اس قدم کا مقصد پہلے فوری انسانی/لاجسٹک مسائل حل کرنا اور پھر بتدریج تجارت بحال کرنا بتایا جا رہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین