فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وانا آپریشن کے دوران لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی

پاک فوج کے بہادر جوان 24 گھنٹے سے زیادہ ان کے اور دہشت گردوں کے درمیان ڈھال بنے رہے ،کیڈٹس

کیڈٹ کالج وانا پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد وہاں کے اساتذہ اور کیڈٹس کے حوصلے بدستور بلند ہیں، جبکہ سب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آپریشن کے دوران لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ

’’یہ کیڈٹس قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، کسی صورت انہیں نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔‘‘

کیڈٹس نے بتایا کہ پاک فوج کے بہادر جوان 24 گھنٹے سے زیادہ ان کے اور دہشت گردوں کے درمیان ڈھال بنے رہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے طلبہ کی زندگیاں بچائیں۔

آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر کے مطابق 10 نومبر کو پانچ افغانی خوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ان میں سے ایک خودکش حملہ آور نے گیٹ پر دھماکہ کیا جبکہ باقی چار دہشت گرد کالج کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔

اسے بھی پڑھیں: کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 650 طلبہ و اساتذہ بحفاظت نکال لیے گئے

کرنل محمد طاہر نے بتایا کہ حملہ آوروں کا منصوبہ طلبہ کو یرغمال بنانے کا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ان کے مذموم عزائم ناکام بن گئے۔ فورسز نے دہشت گردوں کو ایک مخصوص بلاک تک محدود کر کے 650 طلبہ اور اساتذہ کی جانیں محفوظ بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ“وانا کیڈٹ کالج پاک فوج کی طرف سے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، لیکن دہشت گردوں نے اسے نشانہ بنا کر تعلیم دشمنی کا مظاہرہ کیا۔”

کرنل طاہر کے مطابق رات 10 بجے سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان بھرپور آپریشن کے بعد تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ایک زیر تعلیم کیڈٹ نے بتایا کہ

ہم عصر کے وقت ڈرل کمپیٹیشن کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوا۔ ہمیں فوراً اندازہ ہو گیا کہ حملہ ان تعلیم دشمنوں نے کیا ہے جو نہیں چاہتے کہ ہم پڑھ لکھ کر ترقی کریں۔
اس نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان فوری طور پر پہنچے اور ہمیں بحفاظت کالج سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اس دوران اساتذہ نے ہمیں حوصلہ دیا اور کہا کہ گھبراؤ نہیں، فوج آ گئی ہے۔

دوسرے کیڈٹ نے کہا کہ
تعلیم کے دشمن چاہے کچھ بھی کر لیں، ہم علم حاصل کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ خودکش حملے کے وقت ہم سب ڈرل کر رہے تھے، لیکن پاک فوج کی بروقت کارروائی نے ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا۔”
اساتذہ نے بھی کہا کہ دہشت گردوں کے اس حملے نے ان کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق

یہ ادارے علم اور امن کی علامت ہیں، ان پر حملہ دراصل پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے۔ لیکن ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اس کامیاب کارروائی کے بعد کیڈٹ کالج وانا میں معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ نے وطن کے دفاع اور تعلیم کے فروغ کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور قوم ایک ہیں، اور دشمنوں کے تمام منصوبے ناکام بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین