ڈی جی آئی ایس پی آر کیساتھ نشست میں طلبہ کی پاک فوج کی دل کھول کر تعریفیں

ملاقات میں طلباء و طالبات نے اپنے سوالات پیش کیے اور فوج کے کردار، قربانیوں اور ملک کے دفاع میں ادا کیے جانے والے اہم فرائض پر تبادلہ خیال کیا

راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں افواجِ پاکستان کے آپریشنل امور، قومی سلامتی اور داخلی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس ملاقات میں طلباء و طالبات نے اپنے سوالات پیش کیے اور فوج کے کردار، قربانیوں اور ملک کے دفاع میں ادا کیے جانے والے اہم فرائض پر تبادلہ خیال کیا۔

پرنسپل کانونٹ جیسس اینڈ میری نے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے استحکام اور امن کے لیے پاک فوج کا کردار ہمیشہ تاریخی رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دشمن مختلف محاذوں پر منفی پروپیگنڈا پھیلا کر نوجوان نسل کے ذہنوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کو پرکھنے سے پہلے ان کی سچائی کی تحقیق کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف سرحدوں پر بلکہ معلوماتی جنگ کے محاذ پر بھی سرگرم ہیں، اور نوجوان نسل کو بھی اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

طلباء نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسی فوج کے وارث ہیں جو قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتی۔

اساتذہ نے کہا کہ آج کی نشست نے ہمیں سکھایا کہ دشمن کے تزویراتی تکبر اور نفسیاتی جنگ کا مقابلہ کس طرح کیا جا سکتا ہے۔ ہم پاک فوج کے حوصلے، نظم و ضبط اور وطن سے محبت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

طلباء نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں ہمیں ذمہ دار شہری بن کر سوچنا ہوگا، جھوٹ اور افواہوں سے بچنا اور حقائق پر مبنی معلومات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم، کردار اور حب الوطنی کے ذریعے پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنائیں، کیونکہ ایک باشعور اور متحد قوم ہی ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین