فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر دشمن نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو جواب وہی دیا جائے گا جو مئی میں دیا گیا تھا ۔
ایوانِ صدر میں اردن کے بادشاہ کے روانہ ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ جس طرح ربِ غفور و کریم نے اپنے محبوب ﷺ کو ہر معرکے میں سرخرو فرمایا، اسی طرح اللہ نے پاکستان کے سپاہیوں کو بھی اپنے فضل سے کامیابی عطا کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب مئی میں پاکستان پر جنگ کا سایہ آیا تو پاکستان کا ہر سپاہی اللہ کی راہ میں کھڑا تھا، اور اللہ نے اپنی نصرت کے ساتھ ملک کو سرخرو کیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہم امن کے داعی ہیں، لیکن اگر کوئی طاقت جنگ پر مجبور کرے گی تو پاکستان اپنی سرزمین، اپنے عوام اور اپنے وقار کا دفاع اُسی حوصلے سے کرے گا جس کا مظاہرہ ہم پہلے بھی کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے فرائض کی اللہ کے حکم کے مطابق انجام دہی کرتا ہوں۔
غزوۂ اُحد کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلمانوں نے جس طرح مٹھی بھر مٹی سے دشمن کی آنکھیں بند کر کے فتح کی بنیاد رکھی تھی، اسی طرح پاکستان کے جوانوں نے جذبۂ ایمان اور توکل کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیابی اللہ کی جانب سے ہوتی ہے، جب بندہ سچے دل سے اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی جانے والی مٹی بھی اس کے لیے میزائل بن جاتی ہے۔
تقریب کے دوران شرکاء نے فیلڈ مارشل کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ انہوں نے قرآنِ کریم کی آیات کا حوالہ دے کر کہا کہ جب ایمان کی طاقت ساتھ ہو تو دشمنوں کی بڑھتی تعداد بھی اہلِ حق کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی—بلکہ مٹی کا ایک ذرّہ بھی ان کی آنکھوں کو بند کر دیتا ہے۔





















