بصیرت سے محروم کلام حکمت سے خالی ہوتا ہے:پروفیسر ڈاکٹرحسن قادری

حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام تربیتی نشست ’’الناطق‘‘ سے خطاب

لاہور :منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام قائم حسان بن ثابت نعت انسٹیٹیوٹ میں ’’الناطق‘‘ کے منفرد موضوع پر منعقدہ تربیتی ورکشاپس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ بصیرت سے محروم کلام حکمت سے خالی ہوتا ہے۔

زبان سے ادا ہونے والا ہر حرف امانت ہے، اس کی حفاظت کی پہلی ذمہ داری متکلم کی ہے، علماء، واعظین،اساتذہ، مبلغین، تجزیہ نگار، اینکرپرسن ہر اُس شخص کو صوتی حسن میں نکھار اور پختگی لانے کے لئے مطالعہ اور تربیت پر خاص توجہ دینی چاہیے، قرآن مجید نے مومن کی ایک نشانی پختہ قول والی بتائی ہے کہ مومن کا قول سدید اور ابہام سے پاک ہوتا ہے۔ الفاظ بھی اہم ہوتے ہیں مگر اُن الفاظ کا برمحل استعمال اور انداز تکلم کا بھی اپنا ایک رنگ ہوتا ہے۔ ’’الناطق‘‘ تربیتی سیشن سے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، سید ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈائریکٹرحسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی، معروف اینکر صفدر علی محسن، سید شکیل انجم گیلانی، حافظ محمد ارشد نقشبندی، مظہر محمود علوی، ناصر محمود اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے تربیتی سیشن میں شرکت و گفتگو کی۔

اسے بھی پڑھیں: عربی علم وتہذیب اور وحی الٰہی کی زبان ہے : پروفیسر ڈاکٹر حسن قادری

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہر انسان کے ساتھ مقرر کردہ فرشتے بھی الفاظ ہی نوٹ کر رہے ہوتے ہیں، انسان کا ادا کیاہوا ہر کلمہ روز قیامت اُس کے نامہ اعمال کے ذریعے سامنے لایا جائے گا۔ قرآن مجید نے بھی اسے موضوع بحث بنایا ہے اور اس کے لئے کلام، قول، بیان، بلاغ، لسان، نطق اور نبا جیسے مختلف الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے زبان سے پہلے سماعت عطا فرمائی ہے، لہٰذا جس کلام میں سماعت اور بصیرت نہ ہو وہ حکمت سے خالی ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر نعت ریسرچ سنٹر ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی نے تربیتی نشست پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خطابت اور گفتگو کے فن کو عام کرنے کے لئے اس تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا ہے، منہاج القرآن کا یہ نعت ریسرچ سنٹر اس ضمن میں فنی تربیتی کورسز بھی کروارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین