بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں افغانی سرزمین استعمال ،’’را‘‘ ملوث ہونے کے شواہد ہیں: خواجہ آصف

حکومت دہشتگردی کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ،بہت اہم فیصلے کرلئے گئے ہیں‘وفاقی وزیر دفاع کی مریدکے میں گفتگو
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بلوچستان کے حالات خراب کرنے کے لئے افغانستان کی زمین استعمال ہورہی ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد بھی ملے ہیں ،حکومت دہشتگردی کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اس سلسلہ میں بہت اہم فیصلے کرلئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کے بڑے بھائی رانا افضال کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ رانا افضال حسین اور ان کا چھ دہائیوں سے تعلق تھا ،وہ اکٹھے پڑھے اورایک ہی پارٹی میں رہے ،میں نے ایسا نفیس آدمی نہیں دیکھا ،ان کی کمی پوری نہیں ہوسکتی ،پارٹی کو رانا افضال حسین کے انتقال پر بہت نقصان ہوا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا ماضی میں پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردوں کو ریلیف دے کر بہت بڑی غلطی کی جس کی سزا آج ہمیں بھگتنی پڑ رہی ہے ،پاکستان کو عمران خان نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا انشااللہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا وقت آگیا ہے ،قوم حکومت اور پاک فوج دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے ایک پیج پر ہیں، دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کو قوم اب برداشت نہیں کرے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین