محمد پوردیوان (ملک عنصر قادری)محمد پور میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے نام پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف صفائی کے ناقص انتظامات ہیں تو دوسری جانب بلوں کی بھرمار نے عوام کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جہاں بعض گھروں کو ایک کے بجائے دو دو بل بھیجے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد پور مائینر (نالہ ) کی صفائی کے لیے شروع کیے گئے کام نے الٹا پورے شہر کو گندگی کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق نالے کی صفائی تو کی گئی، مگر نکالی گئی گندگی کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بجائے شہر کی اہم شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں ڈھیر کی صورت میں چھوڑ دیا گیا۔
دربار روڈ اور انڈس روڈ سمیت مختلف علاقوں میں نالے کے دونوں اطراف آباد شہری آبادی شدید تعفن، بدبو اور مچھروں کی بہتات کے باعث اذیت کا شکار ہے۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گندگی کے باعث نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
شہریوں نے اس صورتحال کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صفائی کے نام پر شہر کو کچرے کا ڈھیر بنا دینا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر گندگی کو اٹھایا جائے، صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ خدارا صفائی مہم کو مؤثر اور منظم بنایا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات اور بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال کو فوری طور پر درست نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔





















