آئی پی پیز سے متعلق جلد خوشخبری سنائیں گے: وفاقی وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) سے متعلق عوام کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران اویس لغاری نے بتایا کہ پہلے بھی آئی پی پیز پر کمیٹی کو تمام معلومات فراہم کی ہیں، آئی پی پیز سے متعلق عوام کو جلد خوشخبری دیں گے۔
ٹاسک فورس نے بجلی کے شعبے کا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نے اپنے اور دیگر منصوبوں کے ریٹرن آن ایکویٹی، آپریشن اور مینٹیننس کا جائزہ مکمل کر لیا ہے، ہر پلانٹ کی سرمایہ کاری ٹیکنالوجی اور ہر طرح کے اخراجات کو دیکھا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کے ساتھ معاہدوں پر یکطرفہ کوئی اقدام نہیں کریں گے، آئی پی پیز کو اعتماد میں لے کر تمام کام کیا جا رہا ہے، آئندہ چند ہفتوں میں آئی پی پیز کے ساتھ پیش رفت سامنے آجائے گی۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی طرف سے کی جانے والی اوور بلنگ صارفین کو واپس کرائی گئی، صارفین کو اوور بلنگ کی مد میں 80 ارب روپے واپس کرائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ منافع جات کی کمی پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
اجلاس کے دوران بجلی اوور بلنگ کا معاملہ زیر بحث آیا، اوور بلنگ کا معاملہ سینیٹر پلوشہ خان نے سینٹ میں اٹھایا تھا جبکہ آئی پی پیز سے متعلق محمد علی کی 2020کی رپورٹ بھی اجلاس کے ایجنڈا میں شامل تھی۔یاد رہے کہ موجودہ حکومت میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد علی نے 2020میں آئی پی پیز پر رپورٹ مرتب کی تھی، رپورٹ میں آئی پی پیز کے منافع جات سمیت دیگر امور کا احاطہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین