بلاول بھٹو اپنے نانا کے نظریہ اقدامات کر رہے ہیں: شبلی فراز

اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ اب بلاول بھٹو اپنے نانا کے کاموں کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کے لیے جس نے بہتری کی کوشش کی اس کو نشانِ عبرت بنایا گیا، ذوالفقار علی بھٹو نے آئین بنایا، ان کے ساتھ کیا کِیا گیا؟
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے القادر ٹرسٹ اور سیرتِ نبوی ؐ کے لیے یونیورسٹی بنائی، انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بات کی ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم اس راہ پر چلنا چاہتے ہیں جہاں شہریوں کو انصاف ملے، جنگ میں بھی بچوں، بوڑھوں اور خواتین کے حقوق ہوتے ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مشکلات سے رکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے بچوں سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، ملاقاتوں سے متعلق عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں، خواتین کو بھی ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، آئین و قانون کی پاسداری نہ ہوئی تو ملک نہیں چل سکتا، حکمراں ٹولہ سیاسی طور پر پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
شبلی فراز نے کہا کہ 8 فروری کو عوام نے اپنا فیصلہ دیا، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، ملک میں سیاسی استحکام و مضبوطی ایسے نہیں آ سکتی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین