راولپنڈی: سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کا اعلان فوری کیا جائے، ہم جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا کہ یہ کیا کر رہے ہیں، یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے سارا ملک دا ئوپر لگا ہوا ہے، یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں اور ججز آکر سنا دیتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں، ہائی کورٹ کے ججز پر دبا ڈالا جا رہا ہے۔
عمران خان نے موقف اپنایا کہ حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں، 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا۔سابق وزیر اعظم کے مطابق 9 مئی واقعات میں انہوں نے آگ لگائی، جواب دیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟
انہوں نے کہا یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے، ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی 6 بجے ختم ہوتا ہے؟ ساری قوم کو پتا ہے کیا ہو رہا ہے۔