ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اکتوبر میں پاکستان آنے کا اعلان

اسلام آباد: معروف بھارتی مبلغ اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے آئندہ ماہ اکتوبر کے آغاز میں پاکستانی دورہ کرنے کی تصدیق کردی۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ویڈیو پیغام اور فیس بک پوسٹرز میں اپنے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا دورہ 15 دن پر محیط ہوگا۔
مبلغ و اسلامی اسکالر کے مطابق وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر پہلی بار بطور اسکالر اسلامی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ 1990کی دہائی میں پاکستان آچکے ہیں لیکن اس وقت وہ مبلغ نہیں تھے، اب وہ بطور اسکالر و مبلغ پاکستانی دورہ کریں گے، ان کے مطابق ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے بھی ہوں گے جو ان کے ساتھ پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں خطاب بھی کریں گے۔
ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ پاکستانی دورے کا آغاز صوبائی دارالحکومت کراچی سے کریں گے اور وہ وہاں 5 اور 6 اکتوبر کو دونوں تقاریب سے خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 12 اور 13 اکتوبر کو تقاریب سے خطاب کریں گے جس کے بعد اختتام پر وہ دارالحکومت اسلام آباد میں 19اور 20اکتوبر کو خطاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں تینوں شہروں کے علاوہ بھی دیگر شہروں سے تقاریب میں شرکت کی دعوتیں موصول ہو رہی ہیں لیکن ان کے لیے 15روزہ دورے کے دوران کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ دوسرے شہروں میں جانا ممکن نہیں ہوگا۔ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ اردو اور انگریزی میں تقریریں کریں گے جب کہ ان کے بیٹے بھی دونوں زبانوں میں تقاریر کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین