لاہور (30ستمبر 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہئ آفاق کتاب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ کی تقریب رونمائی کراچی میں ہوئی جس سے قونصلیٹ جنرل خانہ فرہنگ ایران حسن نوریان، ڈاکٹر فاروق ستار، جسٹس(ر) شائق عثمانی، ڈاکٹر رمیش کمار، مفتی اعجاز قادری، کلپنا دیوی ایڈووکیٹ، پروفیسر ڈاکٹر سہیل شفیق، ہندو رہنما کرشن لعل شرما، ڈاکٹر رعنا ایڈووکیٹ، عرفان صدیقی نے اظہار خیال کیا اور کتاب کو میثاق مدینہ اور ریاست مدینہ کے موضوع پر مستند جامع تحقیق قرار دیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دستور مدینہ اور ریاست مدینہ صرف تاریخ کی کتابوں کا مواد نہیں بلکہ حضور نبی اکرمؐ نے دنیا کا قابل عمل اور ویلفیئر سٹیٹ کے اصولوں پر پورا اُترنے والا انتظامی و حکومتی ماڈل دیا۔ دستور مدینہ کے ذریعے گلوبل ورلڈ اور اُمت واحدہ کا عملی تصور پیش کیا گیا۔ ریاست مدینہ میں اقلیتوں، خواتین سمیت تمام طبقات کو جان و مال کے تحفظ کے ساتھ قبائلی روایات اور مذہبی رسومات پر عملدرآمد کی مکمل آزادی حاصل تھی۔ 14سو سال قبل تحریر کئے جانے والے میثاق مدینہ کی اہمیت اور ناگزیریت آج بھی قابل عمل اصولوں پر مشتمل ہے۔
قونصلیٹ جنرل خانہ فرہنگ ایران حسن نوریان نے کہا کہ نوجوان محقق ڈاکٹر حسن قادری کی یہ کتاب اہل اسلام اور انسانیت کے لئے شاندار فکری سرمایہ ہے۔ ایران کے عوام ادارہ منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحقیق و تالیف اور خدمت دین سے آگاہ ہیں اور ان کے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد علم و ادب کے مرکز کراچی میں ایک شاندار کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی اور سب سے خوبصورت بات یہ کہ اس تقریب میں تمام مذاہب اور طبقات کی معتبر علمی شخصیات نے شرکت کی اور سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے محبت، رواداری کا پیغام دیا گیا، اس پر ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ادارہ منہاج القرآن اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو مبارکباد بھی دیتے ہیں اور اُن کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کا دائمی امن استحکام اور اعتدال و رواداری کے مظاہرے میں ہے۔
جسٹس (ر)شائق عثمانی نے کہا کہ نوجوان مسلم محققین کے لئے یہ کتاب عظیم فکری مواد پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ میں نے کتاب کا مطالعہ کیا ہے اس میں اسلام کی اصل تعلیمات اور اُن کی تشریح بیان ہوئی ہے۔ کلپنا دیوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریاست پاکستان میثاق مدینہ کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھے۔ پروفیسر ڈاکٹر سہیل شفیق نے کہا کہ کتاب علمی شاہکار ہے، اس میں اسلام کے آفاقی اور ابدی اصول بیان ہوئے۔
ہندو رہنما کرشن لعل شرما نے کہا کہ کتاب مذہبی رواداری اور امن بقائے باہمی کا درس دیتی ہے۔ پیغمبر اسلام نے آج سے 14سو سال قبل اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا۔ ڈاکٹر رعنا ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس کتاب کو یونیورسٹیز کی سطح پر اسلامک نصاب کا حصہ بننا چاہیے۔ رضوان صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری جیسے روشن خیال اور محقق نوجوان کو دیکھ کر یقین ہو جاتا ہے ہمارامستقبل محفوظ ہے۔
ڈاکٹر حسن قادری کی کتاب دستور مدینہ کی کراچی میں تقریب رونمائی
دستور مدینہ کے ذریعے گلوبل ورلڈ اور اُمت واحدہ کا عملی تصور پیش کیا گیا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری