فخر زمان میچ ونر ہے، فٹ ہوا تو ترجیح دینگے: عاقب جاوید

لاہور: پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر زمان میچ ونر ہے، فٹ ہوگا تو ترجیح دی جائے گی، میرا کوچنگ میں 20 سال کا تجربہ ہے، ڈبل رول سے کوئی مشکل نہیں ہوگی،ابھی ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی اولین ترجیح ہے، ٹی 20میں کافی تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ فخر زمان کی فٹنس کے مسائل جیسے ہی حل ہوئے، ان کی سلیکشن کو دیکھیں گے، انہوں نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ سے اب تک کوچ اور کپتان کی مشاورت کے بعد ہی سلیکش کمیٹی ٹیم کا اعلان کرتی ہے، ملتان ٹیسٹ سے لیکر اب تک ایسا کوئی موقع نہیں آیا کہ کوچ اور کپتان سے مشاورت نہ کی گئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں جو ٹیم پہلا میچ کھیلی، اسی ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کھیلا، اسی طرح ون ڈے بھی میں جس ٹیم نے پہلا میچ کھیلا، تیسرے میچ میں بھی وہی ٹیم تھی، ہمارا مقصد یہ ہے کہ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر پاکستان کے لیے میچ جیتنے کی کوشش کی جائے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کوچ ایک حد تک کردار ادا کرتا ہے، آپ ایک ماحول مہیا کرسکتے ہیں، واضح اور دوٹوک پیغامات دے سکتے ہیں کہ کیسی کرکٹ کھیلنی ہے، تیاری میں کھلاڑیوں کی مدد کرسکتے ہیں لیکن بلآخر نتیجہ تو ٹیم اور کپتان ہی لے کر آتا ہے۔اس سوال پر کہ مستقبل میں ہیڈ کوچ اور کنوینر سلیکشن کمیٹی میں سے کس عہدے کو ترجیح دیں گے؟
عاقب جاوید نے کہاکہ پچھلے 20 سال سے کوچنگ کررہا ہوں، کوچنگ میرا پیشن اور پیشہ ہے، آگے جو مواقع نظر آئیں گے اس حساب سے فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت کنوینر سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کو وہ ٹیم کے انتخاب کے لیے کپتان سے مشاورت کریں گے اور پھر اپنی اور کپتان کی رائے سلیکشن کمیٹی کے سامنے رکھیں گے جو ٹیم کا انتخاب کرے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین