2023 میں 85 ہزار خواتین قتل، 60 فیصد قاتل قریبی رشتہ دار

2023 میں 85 ہزار خواتین قتل، 60 فیصد قاتل قریبی رشتہ دار

نیویارک : اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 منٹ کے دوران ایک خاتون کو اس کے شریک حیات، بوائے فرینڈ یا کسی قریبی رشتہ دار کے ہاتھوں قتل کر دیا جاتا ہے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین (یو این ویمن) اور ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر جاری کی ہے۔

رپورٹ میں 107 ممالک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا اور انکشاف کیا گیا کہ 2023 میں خواتین کے قتل کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ اس سال ہر 10 منٹ میں ایک عورت اپنے کسی قریبی ساتھی یا رشتہ دار کے تشدد کا نشانہ بنی۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں تقریباً 85 ہزار خواتین کو قتل کیا گیا، جن میں سے 60 فیصد یعنی 51 ہزار خواتین کو ان کے شریک حیات یا قریبی رشتہ داروں نے قتل کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دنیا بھر میں خواتین کے قتل کے زیادہ تر واقعات گھریلو تشدد سے جڑے ہوئے ہیں، جہاں خواتین اپنے ہی گھر میں سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہوتی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، روزانہ اوسطاً 140 خواتین قتل کی جاتی ہیں، جبکہ مردوں کے قتل کا تناسب خواتین کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ یعنی 80 فیصد ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ افریقا خواتین کے قتل کے لحاظ سے سب سے خطرناک خطہ ہے، جہاں 2023 میں 21 ہزار 700 خواتین کو قتل کیا گیا۔ اس کے بعد امریکا اور اوشیانا کا نمبر آتا ہے، جبکہ خواتین کے قتل کی شرح سب سے کم یورپ اور ایشیا میں ریکارڈ کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بہوس نے زور دیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کے لیے سخت قوانین، حکومت کی مضبوط جوابدہی اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو مالی امداد میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین