آخری رسومات سے قبل مردہ اچانک زندہ ہوگیا
راجستھان :بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان کو مردہ قرار دینے کے بعد اس کی آخری رسومات کے دوران زندہ پایا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق، 25 سالہ روہتاش، جو بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم تھا اور یتیم خانے میں زندگی گزار رہا تھا، اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لایا گیا۔ وہاں موجود ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا اور اس کی لاش کو مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا۔
رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد، روہتاش کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے شمشان گھاٹ لے جایا گیا تاکہ ہندو روایات کے مطابق اس کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔ تاہم، عین اس وقت جب لاش کو جلانے کی تیاریاں ہو رہی تھیں، روہتاش نے اچانک سانس لینا شروع کر دیا اور اس کا جسم حرکت کرنے لگا۔
یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود لوگ حیرت اور خوف کا شکار ہوگئے۔ روہتاش کو فوری طور پر ہسپتال واپس لے جایا گیا، جہاں اسے آئی سی یو میں رکھا گیا۔ کچھ وقت بعد اس کی حالت بہتر ہوئی، اور ڈاکٹروں نے اسے خطرے سے باہر قرار دے دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال کے چار ڈاکٹروں کو ان کی ذمہ داریوں سے معطل کر دیا۔ مزید تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ اس واقعے کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔